ممبئی: بالی وڈ کے سُپر اسٹار متھن چکروتی نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے ماضی میں کئی بار خودکشی کرنے کا ارادہ کیا تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں متھن چکروتی نے فلم انڈسٹری میں اپنے ابتدائی دنوں کے بارے میں کھل کر بات کی۔
متھن چکروتی نے کہا: ’ابتدائی دنوں میں مجھے لگتا تھا کہ میں کبھی اچھا اداکار نہیں بن پاؤں گا اور مجھے مسلسل ناکامیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔ خدشہ تھا کہ اپنے مقاصد حاصل نہیں کر سکوں گا‘۔
معروف اداکار نے بتایا: ’میں عام طور پر اپنے ابتدائی دنوں کے بارے میں بات نہیں کرتا کیوں کہ اس سے مایوس ہو جاتا ہوں۔ انڈسٹری میں ہر کوئی مشکل وقت سے گزرتا ہے لیکن میرا وقت بہت طویل رہا‘۔
متھن چکروتی کا کہنا تھا کہ کبھی کبھی مجھے لگتا تھا کہ میں اپنے مقاصد حاصل نہیں کر پاؤں گا اور اسی لیے میں نے خودکشی کرنے کا بھی سوچا، میں کچھ وجوہات کے باعث اپنے گھر کولکتہ واپس بھی نہیں جا سکتا تھا۔
انہوں نے کہا: ’میرا یہ ماننا تھا کہ بغیر لڑے اپنی زندگی کا خاتمہ کرنے کے بارے میں نہیں سوچنا چاہیے۔ بچپن سے فائٹر ہوں لیکن پتا نہیں خودکشی کے بارے میں کیسے سوچ لیا‘۔
متھن چکروتی نے اپنی اداکاری کا آغاز فلم ’مریگیا‘ سے کیا جس کے لیے انہیں بہترین اداکار کا پہلا نیشنل فلم ایوارڈ دیا گیا۔ وہ آج کل ایک نبگالی فلم کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔ اب تک 370 فلموں میں اداکاری کر چکے ہیں۔