روس کا انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن سے علیحدگی کا فیصلہ

روس 2024 کے بعد انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن (آئی ایس ایس) سے علیحدہ ہوجائے گا۔

یہ بات روس کے خلائی ادارے کے نومنتخب سربراہ کی جانب سے صدر ولادی میر پیوٹن کو بتائی گئی۔

روسی صدارتی دفتر کریملن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق خلائی ادارے روس کوسموس کے سربراہ یوری بوریسوف نے کہا کہ یقیناً ہم اپنے شراکت داروں کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں گے، مگر  2024 کے بعد آئی ایس ایس کو چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2024 سے ہم رشین آربٹل اسپیس اسٹیشن کی تیاری پر کام شروع کردیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم ضروری خلائی سروسز کی فراہمی سے روسی معیشت کی معاونت کریں گے۔

یوکرین پر حملے کے بعد آئی ایس ایس میں موجود روسی خلا بازوں کو خصوصی توجہ ملی تھی۔

مارچ میں کہا گیا تھا کہ آئی ایس ایس میں موجود روسی خلا باز نے زرد اور نیلے فلائٹ سوٹ کو پہننے کا فیصلہ یوکرین سے یکجہتی کے لیے کیا ہے۔

مگر یہ خیال جولائی میں اس وقت دم توڑ گیا تھا جب روسی خلائی ادارے نے اپنے خلا بازوں کی تصاویر جاری کیں جو یوکرین میں روسی حمایت یافتہ گروپس کے پرچم تھامے کھڑے تھے۔