اے این پی رہنما ایمل ولی کے اس بیان پر کہ 'عمران خان کو ٹھکانے لگانا ہوگا'، تحریک انصاف نے ایمل ولی کے خلاف تھانہ سیکریٹریٹ میں ایف آئی آر درج کرنے کی درخواست دے دی۔
میڈیا سے گفتگو میں پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب نے کہا کہ اے این پی کے سربراہ ایمل ولی خان نے عمران خان کو جان سے مارنے کی بات کی، پی ڈی ایم غیر جمہوری عمل کی طرف شروع ہو چکی ہے اور لوگوں کو ٹھکانے لگانے کی سازش کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز اور وزارت داخلہ میں درخواستیں دی ہیں، عمران خان کی جان کو خطرہ ہے اس لیے سیکیورٹی دی جائے۔
عمر ایوب نے کہا کہ پی ایم ہاؤس میں بیٹھ کر یہ لوگ عمران خان کو ٹھکانے لگانے کی بات کر رہے ہیں لیکن ہم عمران خان کے دفاع کے لیے سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے ہیں، موجود وزیراعظم سی ڈی اے کی حدود تک کے وزیراعظم ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف ایک پر امن اور ملک میں پھیلی ہوئی جماعت ہے۔