کیو: امریکی میگزین کیلئے فوٹو شوٹ کروانے پر جنگ زدہ ملک یوکرین کے صدر اور خاتون اوّل تنقید کی زد میں آگئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی اور ان کی 44 سالہ اہلیہ اولینا ریلنسکا نے امریکی میگزین ووگ کو خصوصی انٹرویو دیا جس کیلئے اپنے گھر کے علاوہ تباہ شدہ گاڑیوں، عمارتوں اور املاک کے ساتھ فوٹو شوٹ کروایا جو باعث تنقید بنا۔
میگزین کیلئے بنائی تصاویر میں ولادیمیر زیلنسکی اور ان کی اہلیہ کو گھر کے اندر ایک دوسرے کے قریب بیٹھے دکھایا گیا جبکہ دوسری تصویر میں انہوں نے ہاتھ پکڑے ہوئے پوز دیے۔
ایک اور تصویر میں اولینا کو ایک تباہ حال فوجی گاڑی کے ساتھ کھڑے ہوئے دکھایا گیا جبکہ چوتھی تصویر میں اولینا نے ایک عمارت کی سیڑھیوں پر بیٹھ کر تصویر بنوائی۔
اس تصویر کو ووگ میگزین نے یوکرین کی خاتون اول کی “بہادری کی تصویر” قرار دیا اور میگزین کے آن لائن ایڈیشن کا سرورق بھی بنایا۔
انٹرویو کیلئے کروائے گئے فوٹو شوٹ کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں تو یوکرینی شہریوں نے صدر اور خاتون اوّل کو تنقید کا نشانہ بنانا شروع کردیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یوکرین کی خاتون اوّل اپریل 2022 میں بھی ووگ میگزین کو خصوصی انٹرویو دے چکی ہیں۔
یوکرین کی خاتون اوّل نے حال ہی میں امریکا کا غیرسرکاری دورہ کیا تھا، اس دوران انہوں نے امریکی کانگریس سے خطاب کیا اور روسی میزائل حملوں میں ہلاک ہونے والے یوکرینی بچوں کی تصاویر بھی دکھائی تاکہ امریکا اتحادیوں کی مزید حمایت لی جاسکے۔
واضح رہے کہ روس نے 24 فروری کو یوکرین پر حملہ کیا۔ اس جنگ میں اب تک مجموعی طور پر12,227 ہلاکتیں ہوئی ہیں، تاہم صدر کے مطابق ہلاکتوں کی اصل تعداد 40,000 سے تجاوز کرگئی ہے اور زخمیوں کی تعداد بھی ہزاروں میں ہے۔