پشاور سمیت صوبہ بھرمیں آج یومِ شہدائے پولیس منایا جارہا ہے، جس کا مقصد امن و استحکام اور عوام کے جان و مال کی حفاظت کے لیے اپنے جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے پولیس جوانوں کو خراج تحسین پیش کرنا ہے۔
پشاور میں یوم شہدا کی مرکزی تقریب شہید کمانڈنٹ صفوت غیور کے اعزاز میں منعقد کی گئی، جہاں پولس اور ایف سی کےدستے نے قبر پر سلامی دی اورفاتحہ خوانی کی،چیف کیپٹل پولیس افسراعجاز خان نے قبر پر پھول چڑھائے۔
یوم شہدائے پولیس کے موقع پر آئی جی خیبرپختونخوا نے اپنے بیان میں کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس کی تاریخ جرت اور بہادری کی داستانوں سے بھری پڑی ہے،امن دشمنوں کےخلاف جنگ مسلسل جاری ہے، پولیس کو نشانہ بنانے والوں کے گرد گھیرا تنگ کیا جاچکا ہے، جیت سیکورٹی اداروں اور عوام کی ہوگی۔
واضح رہے یوم شہدائے پولیس ہر سال چار اگست کو ملکی سطح پر منایا جاتا ہے جس کا مقصد شہدائے پولیس کی بے مثال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنا اور ان بہادر سپوتوں کے اہل خانہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنا ہے۔