پشاور:وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ وہ ایک ایسے صوبے کے وزیراعلیٰ ہیں جس کی پولیس کی تاریخ جوانوں اور افسران کی قربانیوں کی داستانوں سے بھری پڑی ہے جس پر وہ بجا طور پر فخر محسوس کر رہے ہیں۔
صوبے میں دہشت گردی اور عسکریت پسندی کا اگر کسی نے فرنٹ لائن پر مقابلہ کیا ہے اور دہشت گردوں کو اگر کسی نے للکارا ہے تو وہ خیبرپختونخوا پولیس ہے، اگر آج ہم سب ایک پر امن ماحول میں جی رہے ہیں تو یہ پولیس شہداء کی قربانیوں کی مرہون منت ہے جس کے لئے ہم اور ہماری نسلیں ان شہدا کے لواحقین کی احسا ن مند رہیں گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز پشاور میں "یوم شہداء ئے پولیس" کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔
خیبرپختونخوا پولیس کی مجموعی کارکرد گی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس جس طرح پرفارم کر رہی ہے وہ دوسرے صوبوں کے پولیس کی نسبت بہت بہتر ہے جس کے لئے خیبرپختونخوا پولیس داد اور مبارکباد کی مستحق ہے۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ امن ہماری پہلی ترجیح اور سب سے مقدم ہیمحمود خان کا کہنا تھا کہ میرا تعلق ایک ایسے خطے سے ہے جو دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثر ہوا تھا اور میں نے اپنی آنکھوں کے سامنے بہت سی شہادتیں دیکھی ہیں اور سخت حالات کا سامنا کیا ہے اور سب سے زیادہ شہادتیں پولیس نے دی ہیں۔
انہوں نے پولیس کے اعلیٰ حکام سے کہا کہ پولیس کو مستحکم بنانے اور عصری تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کے لئے جو بھی وسائل درکار ہوں ان کو آگاہ کریں اور صوبائی حکومت وہ وسائل ترجیحی بنیادوں پر فراہم کرے گی کیونکہ امن و امان ان کی حکومت کی اولین ترجیح ہے جو پولیس کو مستحکم کئے بغیر ممکن نہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت پولیس شہداء کے لواحقین کے ساتھ کھڑی ہے اور کھڑی رہے گی۔ ان کے ساتھ بھر پور تعاون کا سلسلہ جاری رہے گا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وہ پولیس شہداء کے لواحقین کو درپیش مسائل کے حل کے لئے ہر ممکن اقدامات کریں گے اور ملازمتوں میں پولیس شہداء کے مختص کوٹے پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنایا جا ئے گا۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر پولیس فورس کے ماہانہ راشن پیکج کو پنجاب پولیس کے راشن پیکج کے برابر کرنے کا اعلان کیا۔
وزیراعلیٰ نے پولیس شہداء کے لواحقین میں ایک ایک کروڑ روپے کے امدادی چیک بھی تقسیم کئے۔ وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی بیرسٹر محمد علی سیف، چیف سیکرٹری ڈاکٹر شہزاد بنگش، انسپکٹر جنرل پولیس معظم جاہ انصاری، اراکین صوبائی اسمبلی، اعلیٰ پولیس حکام، سرکاری افسران، شہدائے پولیس کے لواحقین اور میڈیا کے نمائندوں کی کثیر تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔