وزیراعلیٰ کی ٹھنڈیانی روڈ بحالی کے منصوبے کیلئے انتظامات کی ہدایت 

پشاور:وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمو د خان نے متعلقہ حکام کو ٹھنڈیانی روڈ کی بحالی کے منصوبے پر کام کا باضابطہ اجرا یقینی بنانے کیلئے تمام پیشگی انتظامات مکمل کرنے جبکہ ایوبیہ چیئر لفٹ کی بحالی کے منصوبے پر ایک ہفتہ کے اندرکام کا اجرایقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

 وہ گزشتہ روز ضلع ایبٹ آباد میں جاری سیاحتی منصوبوں سے متعلق ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ قائم مقام گورنر مشتاق غنی، چیف سیکرٹری ڈاکٹر شہزاد بنگش، پرنسپل سیکرٹری امجد علی خان اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

 اجلاس کو مذکورہ دونوں منصوبوں پر پیشرفت کے حوالے سے بریفینگ دی گئی۔اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ ایوبیہ چیئر لفٹ کو اپ گریڈ کرنے کیلئے گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے منصوبہ شروع کیا ہے تاہم اس منصوبے پر عمل درآمد کے سلسلے میں کچھ تکنیکی مسائل درپیش ہیں جن کوبلا تاخیر حل کرنے کی ضرورت ہے۔

 وزیراعلیٰ نے گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور محکمہ جنگلات کے اعلی حکام کو ایڈیشنل چیف سیکرٹری کی سربراہی میں مسئلے کا قابل عمل حل تلاش کرنے کی ہدایت کی اور واضح کیاکہ ایک ہفتہ کے اندر متعلقہ قانون کے اندر رہتے ہوئے لائحہ عمل پیش کیا جائے تاکہ ایوبیہ چیئر لفٹ کی جلد سے جلد بحالی یقینی بنائی جا سکے۔

 وزیراعلیٰ نے اس موقع پر ایبٹ آباد۔ٹھنڈیانی روڈ کی بہتری و بحالی کے منصوبے کا جلد باضابطہ سنگ بنیاد رکھنے کا عندیہ دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اس مقصد کیلئے رواں ماہ کے وسط تک مشینری کو سائیٹ پر موبلائز کیا جائے تاکہ منصوبے پرکام کا باضابطہ اجراکیا جا سکے۔

 وزیراعلی نے واضح کیا کہ مشینری کی موبلائزایشن کے بغیر منصوبے کا سنگ بنیاد نہیں رکھا جائے گااور اس سلسلے میں مزید کسی تاخیر کی گنجائش موجود نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ دونوں منصوبے ٹھنڈیانی روڈ اور ایوبیہ چیئر لفٹ سیاحوں کی تفریح اور سہولت کے تناظر میں بڑی اہمیت کے حامل ہیں جن پر ترجیحی بنیادوں پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔