تیمر گرہ،ایم پی اے ملک لیاقت قاتلانہ حملے میں زخمی، بھائی سمیت 4افراد جاں بحق

تیمرگرہ:رکن خیبرپختونخوا اسمبلی ملک لیاقت خان کی گاڑی پر گل میدان کے مقام پر نامعلوم مسلح افرادنے اندھا دھند فائرنگ کردی،

فائرنگ سے دوسیکورٹی اہلکار،ملک لیاقت علی خان کے بھائی سمیت 4 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ،ملک لیاقت علی خان سمیت  چار افراد شد ید زخمی ہوگئے

مقامی ذرائع کے مطابق واقعہ ملک لیاقت علی خان کے آبائی گاؤں گل میدان ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب  پیش آیا،واقعے کے بعد سیکورٹی اہلکاروں نے علاقے کو چاروں اطراف سے گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا ہے۔

شدید زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال  تیمرگرہ منتقل کردیا گیا ہے جہاں ان کا علاج معالجہ جاری ہے۔

آخری اطلاعات ملنے تک شدید زخمی رکن صوبائی اسمبلی ملک لیاقت علی خان کا ہیڈ کوارٹر ہسپتال تیمرگرہ میں آپریشن جاری ہے اور ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔

حملے کے نتیجے میں لیویز اہلکار شاہد بادشاہ،پولیس اہلکار نصیر اور رکن صوبائی اسمبلی ملک لیاقت علی خان کے بھائی جہان عالم اور 9سالہ یاسر خان  جاں بحق ہوئے،زخمیوں میں حذیفہ،شعیب جان ملک لیاقت اور شاکرین  شامل ہیں،تاحال کسی نے واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔