معروف اداکارہ شہناز گل نے بالی وڈ سپر اسٹار اور بگ باس کے میزبان سلمان خان کو اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے اَن فالو کر دیا ہے۔ بھارتی میڈیا کی جانب سے یہ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ شہناز گِل جو کہ سلمان خان کی فلم ’کبھی عید کبھی دیوالی‘ سے فلمی دنیا میں قدم رکھنے والی تھیں، انھیں اب اس فلم سے نکال دیا گیا ہے۔ بھارتی ویب سائٹ ٹیلی چکر نے اپنی رپورٹ میں ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ شہناز اب سلمان کی فلم میں نہیں دکھائی دیں گی تاہم رپورٹس میں کسی قسم کی وجہ کا تذکرہ نہیں کیا گیا۔
دوسری جانب اگر انسٹاگرام کی بات کی جائے تو 11.7 ملین فالوورز رکھنے والی اداکارہ شہناز گِل اپنے اکاؤنٹ سے صرف 11 شخصیات کو فالو کر رہی ہیں جن میں سلمان خان شامل نہیں ہیں۔
سلمان خان جن کے انسٹاگرام پر 53.3 ملین فالوورز ہیں، انہوں نے بھی شہناز گل کو فالو نہیں کیا ہوا۔
خیال رہے کہ شہناز گل نے بگ باس کے 13ویں سیزن میں شرکت کی تھی جس میں انہیں خوب پذیرائی ملی تھی، دیکھتے ہی دیکھتے وہ ناصرف لوگوں کی پسندیدہ بن گئیں بلکہ انہیں سلمان بھی کافی پسند کرتے تھے۔