پشاور:خیبر پختونخوا حکومت عوام کو رہائشی سہولیات کی فراہمی کے لئے ایک اور اہم اقدام کے طور بنوں میں ایک نئی ہاؤسنگ سکیم کا اجرا کرنے جارہی ہے۔
اس سلسلے میں ایک اجلاس گزشتہ روز وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں اس مجوزہ رہائشی منصوبے سے متعلق مختلف امور پر غوروخوض کیا گیا اور اہم فیصلے کئے گئے۔
صوبائی وزیر ہاؤسنگ امجد علی خان اور وزیر بلدیات فیصل امین گنڈا پور کے علاوہ وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری امجد علی خان، سیکرٹری قانون مسعود احمد، سیکرٹری بلدیات ظہیر الاسلام، سیکرٹری منصوبہ بندی شاہ محمود اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔
بنی گل ٹاؤن شپ کے نام سے اس مجوزہ رہائشی منصوبے کے بارے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ یہ ٹاؤن شپ بنوں لکی روڈ سے متصل بنوں کے جنوبی حصے میں قائم کیا جائے گا۔
یہ مجوزہ ٹاون شپ صوبے کا پہلا گرین اور سسٹین ایبل سٹی ہوگا جس میں دور جدید کی تمام شہری سہولیات دستیاب ہونگی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ صوبائی ورکنگ ترقیاتی پارٹی نے منصوبے کے پی سی ٹو کی پہلے ہی سے منظوری دے چکی ہے جس کی مالیت 61 ملین روپے ہے۔
اجلاس میں منصوبے پر عملدرآمد کے کام کو محکمہ بلدیات سے محکمہ ہاؤسنگ کو تفویض کرنے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ اس منصوبے پر بروقت کام کا آغاز کرکے مقررہ مدت میں اس کی تکمیل کو یقینی بنایا جاسکے۔
وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام کو اس مقصد کے لئے پراونشل ہاؤسنگ اتھارٹی کے بورڈ کا اجلاس جلد سے جلد بلاکر اس کی باقاعدہ منظوری دینے کی ہدایت کی۔
مجوزہ منصوبے کو بنوں کی بڑھتی ہوئی رہائشی ضروریات کو پوری کرنے کے لئے ایک اہم منصوبہ قرار دیتے ہوئے اپنے اگلے دورہ بنوں کے موقع پر اس منصوبے کا باضابطہ سنگ بنیاد رکھنے کا عندیہ دے دیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ اس سلسلے میں تمام تیاریاں بروقت مکمل کریں۔