ممنوعہ فنڈنگ؛اسد قیصر نے ایف آئی اے نوٹس کو پشاور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں ایف آئی اے کی جانب سے طلبی کے نوٹس کے خلاف پشاور ہائی کورٹ میں پٹیشن دائر کردی۔

عدالت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ ضمانت قبل از گرفتاری نہیں کرانے آیا بلکہ نوٹس کے خلاف آیا ہوں، یہ اکاؤنٹ غیر قانونی نہیں ہے بلکہ ہم نے صرف سہولت کے لئے ، ملازمین کی تنخواہوں اور دفتر کے اخراجات کے لئے کھولا تھا۔

اسد قیصر نے کہا کہ اس اکاؤنٹ سے چھ سال میں صرف 21 لاکھ روپے کی ٹرانزیکشن ہوئی ہے، رقم جمع کرنے اور نکالنے کے تمام امور بذریعہ چیک ہوئے ہیں، اس کیس کی انکوائری ایف آئی اے کا اختیار نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی اس وقت ایک تحریک کے عمل سے گزر رہی ہے۔