پشاور: سابق اسپیکر قومی اسمبلی کو عدالت سے بڑا ریلیف مل گیا، پشاور ہائیکورٹ نے ایف آئی اے کو آئندہ سماعت تک اسد قیصر کے خلاف انکوائری سے روک دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر کی ایف آئی اے طلبی کے خلاف درخواست پر پشاور ہائیکورٹ میں سماعت ہوئی، عدالت نے ایف آئی اے کو آئندہ سماعت تک اسد قیصر کے خلاف انکوائری سے روک دیا ہے۔
عدالت نے سماعت کے بعد مختصر فیصلہ جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر ایف آئی اے سے چھ سوالات کا جواب مانگ لیا ہے، عدالت نے سوال کیا کہ کیا الیکشن کمیشن نے کارروائی کے لیے کوئی ہدایات جاری کیں؟، کیا وفاقی حکومت نے ایف آئی اے کو کیس میں تحقیقات کا کہا؟، کیا پولیٹکل پارٹی آرڈر 2002 ایف آئی اے کےدائر کار میں آتا ہے؟۔
پشار ہائیکورٹ نے سوال پوچھا کہ ایف آئی اے کا سابق اسپیکر کی طلبی کا نوٹس بدنیتی اور سیاسی اثر رسوخ پر مبنی تو نہیں؟، کیا ایف آئی اے کے پاس کارروائی کا اختیار ہے یانہیں؟۔
خیال رہے کہ ایف آئی اے نے پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد اسد قیصر کو 11 اگست کو تحیقاتی ایجنسی کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کی گئی تھی، جسے پی ٹی آئی رہنما نے پشاور ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا تھا۔