سوات سمیت پورے ملاکنڈ ڈویژن میں امن قائم ہے، خیبرپختونخوا حکومت

پشاور:وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات وتعلقات عامہ بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ سوات سمیت پورے ملاکنڈ ڈویژن میں مکمل امن و امان قائم ہے اور گزشتہ دنوں سوات میں جو صورتحال سامنے آئی تھی اس کا مکمل تدارک کیا گیا ہے۔ 

سوات میں امن و امان کی صورتحال سے متعلق یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ اس دوران وزیراعلیٰ سمیت پوری صوبائی حکومت اور ادارے صورتحال پر کڑی نظر رکھے ہوئے تھے اور اس حوالے سے صوبائی حکومت قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ قریبی روابط میں تھی۔

 انہوں نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کسی صورت اپنے فرائض اور ذمہ داریوں سے غافل نہیں ہے، ہم نے بغیر خوف و ہراس پیدا کئے اور گولی چلائے معاملہ خوش اسلوبی سے حل کرلیا ہے، اگرصوبائی حکومت سخت اقدام اٹھاتی تو سوات کے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل جاتاجو ہم کسی صورت نہیں چاہتے تھے۔

 بیرسٹرمحمد علی سیف کا مزید کہنا تھا کہ صوبائی حکومت نے معاملہ انتہائی فہم وفراست اور دانشمندی سے حل کیاہے، سوات سمیت ملاکنڈ ڈویژن میں ترقی اور خوشحالی کا سفر جاری رہے گا جس کے لئے امن ہماری پہلی ترجیح ہے۔

 بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ 14 اگست کے موقع پر تین لاکھ سیاحوں نے سوات سمیت ملاکنڈ ڈویژن کا رخ کیا،جو علاقے میں امن کا واضح ثبوت ہے، ہم سیاحوں کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ بغیر کسی خوف کے آئیں، علاقے کے دیر پاامن کیلئے حکومت اور قانون نافذکرنے والے ادارے ہمہ وقت الرٹ ہیں۔