تحریک طالبان پاکستان سے معاملات ٹھیک ہیں، مخالف گروپ حالات خراب کررہے ہیں، بیرسٹرمحدعلی سیف

پشاور: خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات بیرسٹرمحدعلی سیف کا کہنا ہے کہ کے پی میں ٹی ٹی پی کے مخالف گروپ حالات خراب کررہے ہیں۔ امارات افغانستان اسلامی نے ٹی ٹی پی سے مذاکرات شروع کرائے اور سیز فائر ہے۔ کے پی حکومت کے معاون خصوصی برائے اطلاعات بیرسٹر سیف نے صوبائی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں کہا کہ کے پی میں ٹی ٹی پی کے مخالف گروپ حالات خراب کررہے ہیں۔ تحریک طالبان پاکستان کے ساتھ معاملات درست ہیں وہ ٹارگٹ کلنگ اوربھتہ خوری میں ملوث نہیں۔

انہوں نے کہا کہ دوہزار مسلح افرادبھی آجائیں تومقابلہ کرسکتے ہیں۔ ٹینک,توپیں اور جہازہیں۔ چندہزار کلاشنکوفیں حکومت کی راہ نہیں روک سکتیں۔سوات آنے والے چالیس,پچاس افراد تھے جن کے پاس عام رائفلیں تھیں۔

بیرسٹر سیف کا مزید کہنا تھا کہ ڈی ایس پی سادہ کپڑوں میں تھے جو مسلح افراد کے ساتھ فائرنگ میں زخمی ہوئے۔ وہ لوگ واپس چلے گئے اور ان پہاڑوں پر اب پولیس موجودہے۔ دو، تین دن کا مسئلہ تھا جو حل ہوگیا۔ جوبھی ریاست کو چیلنج کرے گا تو ریاست نمٹنا جانتی ہے۔ بیرسٹرسیف نے کہا سوات میں صورتحال پرامن طریقے سے بحال ہوگئی ہے۔وزیراعلیٰ نے اپنی نگرانی میں سارے کام کئے اور صورت حال کو کنٹرول کرلیا ہے۔