جماعت اسلامی کا بجلی بلوں میں ٹیکسز کیخلاف عدالت جانے کا اعلان

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے مہنگائی اور خصوصی طور پر بجلی کے بلوں میں ٹیکسز کی شمولیت پر غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے حکومتی اقدام کو عدالت میں چیلنج کرنے کا اعلان کیا ہے۔

 پشاور مرکز الاسلامی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی صوبہ کے عوام کے حقوق کی جنگ ہر فورم پر لڑے گی۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے خیبرپختونخوا اور خصوصی طور پر مالاکنڈ ڈویژن میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورت حال پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی حکومت کو براہ راست حالات کا ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔

 انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت کے ساتھ ساتھ 13جماعتوں کی مشترکہ وفاقی حکومت اور سیکیورٹی اسٹیبلشمنٹ،تینوں کی اوّلین ذمہ داری ہے کہ لوگوں کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔ اگر ایسا نہیں ہوتا تو جماعت اسلامی عوام کی نمائندگی کرتے ہوئے گورنر ہاؤس اور وزیراعلیٰ ہاؤس کے سامنے دھرنے دے گی۔ یہ کہاں کا انصاف ہے کہ حکمران اپنے محلات میں سکون سے رہیں مگر دکاندار اور تاجر اپنا کاروبار بھی نہ کر سکیں اور والدین اپنے بچوں کو سکول بھیجنے سے گھبرائیں۔ 

ان کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کی ہی ذمہ داری ہے کہ وہ صوبے میں امن و امان کے حوالے سے عوام میں پائے جانے والی بے چینی کو دور کریں،اور بروقت اقدامات سے مسئلے پر قابو پائیں،کیونکہ حکمرانوں پر واضح کرنا چاہتا ہوں کہ اب کی بار خیبرپختونخوا کے عوام آئی ڈی پیز بننے کے لیے تیار نہیں۔ 

مہنگائی اور خصوصی طور پر بجلی کے بلوں میں ٹیکسز کی شمولیت پر غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے امیر جماعت نے حکومتی اقدام کو عدالت میں چیلنج کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ  جماعت اسلامی صوبہ کے عوام کے حقوق کی جنگ ہر فورم پر لڑے گی۔