وزیراعلیٰ کا بارشوں سے اموات پر اظہار افسوس، امدادی سرگرمیاں تیز کرنیکی ہدایت 

پشاور:وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے چترال سمیت صوبے کے مختلف اضلاع میں بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں مختلف حادثات کی وجہ سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع اور مال و املاک کو پہنچنے والے نقصانات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کی ہے۔ 

یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیر اعلیٰ نے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کی مغفرت اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے ان حادثات میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحت یابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

 دریں اثناء وزیر اعلیٰ نے محکمہ ریلیف اور متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف اور ریسکیو سرگرمیوں کو مزید تیز کرنے، متاثرہ لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرکے انہیں امداد کی فراہمی کے لئے مناسب اقدامات یقینی بنانے اور اس مقصد کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی ہے۔ 

علاوہ ازیں انہوں نے متعلقہ حکام کو سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں رابطہ سڑکوں اور پلوں کی بحالی کے لئے بھی ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھانے کا ہدایت کی ہے۔

 وزیر اعلیٰ نے محکمہ صحت کے حکام کو بھی متاثرہ علاقوں میں ممکنہ طور وبائی امراض کے پھیلاؤ کو روکنے اور متاثرہ لوگوں کو طبی امداد کی فراہمی کے لئے ٹھوس اور فوری اقدامات کی ہدایت کی ہے۔

 محمود خان نے یقین دلایا ہے کہ دکھ اور مصیبت کی اس گھڑی میں صوبائی حکومت متاثرین کے ساتھ ساتھ ہے، انہیں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور ان کی ہر ممکن معاونت کی جائے گی۔

 وزیر اعلیٰ نے آنے والے دنوں میں صوبے میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کے پیش نظر صوبہ بھر کے ضلعی انتظامیہ، محکمہ ریلیف اور دیگر تمام متعلقہ اداروں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ہر لحاظ سے الرٹ رہنے، زیادہ خطروں والی مقامات میں سیلاب کی صورتحال پر کڑی نظر رکھنے،  حادثات کی صورت میں انسانی جانوں اور مال و املاک کے نقصانات کو کم سے کم کرنے کے لئے ضروری انتظامات کرنے  کی ہدایت کی ہے۔