خیبرپختونخوا، بارشوں اور سیلاب سے تباہی، 4افراد جاں بحق، درجنوں زخمی

پشاور:صوبے کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچادی‘ 4 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ درجنوں افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

 لوئر چترال کی وادی شیشی کوہ میں 4 افراد سیلاب کے دوران بے رحم موجوں کی نذر ہوگئے جبکہ خوازہ خیلہ میں دریائے سوات میں ڈوبنے والے 2 بچوں اور خاتون کو زندہ بچالیا گیا۔

 مختلف شہروں میں درجنوں مکان منہدم ہونے سے درجنوں افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں‘ بعض جگہوں پر کھڑی فصلیں تباہ اور باغات کو نقصان پہنچا‘ مواصلاتی نظام درہم برہم ہوگیا جس سے کاروبار زندگی شدید متاثر ہوا۔بعض علاقوں میں لوگ نقل مکانی پر مجبور ہیں۔

جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب لوئر چترال کی وادی شیشی کوہ میں قیامت خیز موسلادھار بارشوں کے نتیجے میں چار افراد لقمہ اجل بن گئے اور فرصد اور گورین گول میں سیلابی ریلے نے تباہی مچادی اور ابتدائی معلومات کے مطابق اکیس گھرانے مکمل طور پر سیلاب برد ہوگئے جہاں چار افراد سیلاب کی بے رحم موجوں کی نزر ہوگئے۔


ریسکیو1122 کی ٹیمیں رسپانس دیتے ہوئے متاثرہ علاقہ پہنچ کر کم و بیش 40 افراد کو ریسکیو کیا جو کہ سیلاب کے تقسیم ہونے سے بیچ میں پھنس گئے تھے۔ تحصیل خوازہ خیلہ میں گیمن پل کے قریب بچوں سمیت3 افراد سیلابی ریلے کے باعث دریائے سوات میں گر گئے۔

 ریسکیوترجمان کے مطابق دو بچوں اور نوجوان کو دریائے سوات سے زندہ نکالنے کے لئے ریسکیوکی غوطہ خور ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور جوانوں نے اپنی جان کی پرواہ کے بغیر پیشہ ورانہ طریقے سے تینوں افراد کو ریسکیو کرکے بحفاظت دریاسے نکال لیا۔

شدید بارشوں اور سیلاب نے گلگت کا نواحی علاقہ گورو جگلوٹ میں تباہی مچادی، دریائے ہنزہ کے قریب آباد 50سے زائد گھرانے سیلاب میں بہہ گئے، متاثرہ افراد کی رہائش کے لیے شاہراہ قراقرم پر عارضی ٹینٹ ولیج قائم کردئیے گئے۔

سیلاب سے تباہ شدہ گاؤں گورو جگلوٹ میں پاک فوج نے متاثرہ افراد کے لیے میڈیکل کیمپ قائم کر کے مفت ادویات اور متاثرہ خاندانوں کو ریلیف کا سامان فراہم کرنا شروع کر دیا۔

پاک فوج کی جانب سے متاثرین کے لے ٹینٹ، اشیائے خورونوش، ادویات فراہم کی جارہی ہیں،مقامی لوگوں کا کہنا تھا کہ لوگوں کے مکانات، لاکھوں روپے مالیت کی قیمت زمین اور پھل دار درخت تباہ ہو گئے۔