سیلاب صورتحال، وزیراعلیٰ خود اقدامات کی نگرانی کررہے ہیں، بیرسٹر محمد علی سیف 

پشاور:وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ صوبے میں سیلاب سے متاثر ہونے والے علاقوں میں بحالی سرگرمیاں تیز کر دی گئی ہیں۔

وزیراعلیٰ محمود خان خود ان اقدامات کی نگرانی کر رہے ہیں، متعلقہ ادارے بارشوں اور سیلاب کی صورتحال پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں، صوبائی حکومت آخری متاثرہ شخص کی بحالی تک اقدامات جاری رکھے گی۔ 

اپنے دفتر سے جاری ایک بیان میں بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا تھا کہ موسمی تغیرات کے باعث صوبے میں معمول سے زیادہ مون سون بارشوں کا سلسلہ تاحال جاری ہے جس سے صوبے کے کچھ علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوئی اور شہریوں کی جان و مال کو نقصان پہنچا، خیبرپختونخوا حکومت نے اس ضمن میں پیشگی اقدامات اٹھا رکھے تھے جن کے باعث کم سے کم جانی و مالی نقصان ہوا۔

 بیرسٹر سیف نے کہا کہ متعلقہ صوبائی ادارے صوبے میں بارشوں اور سیلاب کی صورتحال پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں۔

 وزیراعلیٰ محمود خان کی جانب سے بھی محکمہ ریلیف، اضلاع کی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں کو تمام تر ضروری اقدامات اٹھانے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ہمہ وقت چوکس رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

 بیرسٹر سیف نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں اس وقت سیلاب سے متاثرہ تمام علاقوں میں بحالی سرگرمیاں تیز کر دی گئی ہیں، رابطہ سڑکوں اور پلوں کی بحالی، متاثرین کو ٹینٹوں، کمبلوں اور دیگر اشیائے ضروریہ کی فراہمی سمیت دیگر ریلیف سرگرمیاں جاری ہیں۔

 خیبرپختونخوا حکومت صوبے میں سیلاب متاثرین کو اکیلا نہیں چھوڑے گی، سیلاب سے متاثرہ آخری شخص کی بحالی تک اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔