علی امین نے عمران خان کی گرفتاری پر اسلام آباد پر قبضے کی دھمکی دیدی

میڈیا ذرائع مطابق پی ٹی آئی رہنما و سابق وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور نےکہا ہے کہ اگر عمران خان کو گرفتار کیا گیا تو ہم عوامی طاقت سے اسلام آباد پر قبضہ کر لیں گے۔

میڈیا ذرائع مطابق اپنے ایک آڈیو پیغام میں علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا میرا پہلا پیغام اس پی ڈی ایم کی امپورٹڈ حکومت کو ہے کہ اگر عمران خان کو گرفتار کرنے کی کوشش کی تو عوام کی طاقت سے اسلام آباد پر چڑھائی کر کے قبضہ کر لیں گے۔

ان کا کہنا تھا دوسرا پیغام اسلام آباد کی پولیس کے لیے ہے کہ اگر پولیس نے اس سازشی حکومت کے ساتھ مل کر ہمارے راستے میں رکاوٹ پیدا کرنے کی کوشش کی تو ہم انہیں پولیس کی طرح نہیں بلکہ پی ڈی ایم کے ورکر کی طرح ڈیل کریں گے اس لیے بہتر ہے کہ آپ اس سیاسی جنگ سے دور رہیں اور عوام کو فیصلہ کرنے دیں کہ وہ کس کو چاہتے ہیں اور کس کی حکومت چاہتے ہیں۔

علی امین گنڈا پور کا پاکستانی عوام کو مخاطب کرتے ہوئے یہ بھی کہنا تھا اس حقیقی آزادی کی جنگ میں آپ سب لوگ اسلام آباد پہنچیں، یہ ہمارے ملک کے لیے فیصلہ کن وقت ہے کہ ہم نے اپنے ملک کو مدینہ کی ریاست بنانا ہے یہ ان چوروں اور ڈاکوؤں، سازشی اور غداروں کے ہاتھ میں یہ ملک دینا ہے، اس جنگ میں ہمارے جیت ہو گی، پاکستان زندہ باد پاکستان پائندہ باد۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے خلاف پولیس کے اعلیٰ افسران اور خاتون جج کو دھمکیاں دینے پر انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

پولیس نے رات گئے ہی عمران خان کی گرفتاری کے لیے بنی گالہ جانے والے تمام راستے بند کر دیے تھے جبکہ یہ اطلاعات بھی ہیں کہ عمران خان گرفتاری سے بچنے کے لیے پشاور یا لاہور منتقل ہو گئے ہیں۔