نوشہرہ میں دریائے کابل کا پشتہ ٹوٹ گیا، سیلابی پانی آبادی میں داخل

نوشہرہ میں دریائے کابل کا پشتہ نوشہرہ کلاں کے مقام پر ٹوٹ گیا، اور سیلابی پانی آبادی میں داخل ہوگیا ہے۔

دریائے کابل سے 2 لاکھ 70 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا پانی کا بہاؤ اٹک کے مقام پر پہنچ چکا ہے، اور دوسری طرف کابل کا پشتہ نوشہرہ کلاں کے مقام پر ٹوٹ گیا ہے، جس کے بعد سیلابی پانی مقامی آبادیوں میں داخل ہوگیا ہے۔

حفاظتی پشتہ ٹوٹنے سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے، اور سیلاب کی تباہی سے بچنے کے لئے عوام اپنی مدد آپ کے تحت محفوظ مقامات پرمنتقل ہورہے ہیں۔

پانی کا بہاؤ اس قدر شدید تھا کہ سیلابی پانی آبادی میں بڑی تیزی سے داخل ہونا شروع ہوگیا، اور علاقے میں قائم جنازہ گاہ، اسکولوں اور گھروں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔

پانی کے بہاؤ کا 100سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

دریائے کابل میں اٹک کے مقام پر سیلابی ریلے کا بہاؤ دو لاکھ 70 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے، اور پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

ماہرین کا کہنا تھا کہ دریائے کابل میں پانی کے بہاؤ کا 100سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے، اور سو سال بعد یہ صورتحال دیکھنے میں آئی ہے۔

دوسری جانب تربیلا سے چھوڑا جانےوالا 4 لاکھ 18 ہزار کیوسک پانی بھی آج دوپہر تک اٹک پہنچے گا، جس کے بعد مجموعی طور پر 6 لاکھ سے زائد کیوسک کا سیلابی ریلا کالا باغ بیراج کی طرف بڑھے گا۔