کیلی فورنیا: ٹیسلا کمپنی کے مالک ایلون مسک نے کہا ہے کہ وہ نہ صرف اب ٹیسلا کار کو اپنے اسٹارلنک سیٹلائٹ سے منسلک کررہے ہیں بلکہ دوسری نسل کے اسٹارلنک انٹرنیٹ سیٹلائٹس میں سیل فون روابط کے اینٹینا لگارہے ہیں جو پہلے امریکا میں ٹی موبائل اور پھر دیگر فون نیٹ ورک کمپنیوں کو اس جگہ انٹرنیٹ فراہم کریں گی جہاں سگنل نہیں پہنچتے۔
ایلون مسک کے اس اعلان کے بعد جب ان سے ٹویٹ میں ٹیسلا کاروں کو اسٹارلنک سیٹلائٹ سے جوڑنے کا کہا گیا تو انہوں نے اس کا جواب اثبات میں دیا۔ تاہم اس وقت ٹیسلا کار امریکی نیٹ ورک اے ٹی اینڈ ٹی کے نیٹ ورک سے منسلک ہوسکتی ہیں۔
ایلون مسک نے اس کی مزید تفصیلات نہیں بتائی۔ انہوں نے اتنا ضرور کہا ہے کہ سیٹلائٹ سے سیلولر نیٹ ورک ممکن ہے۔ ان کا اسٹارلنک نظام اس کا اہل ہوگا کہ وہ دو سے چار میگا بائٹ فی سیکنڈ کا رابطہ فراہم کرسکے اور اسے دائرہ کار میں آنے والے ہر شخص کو فراہم کیا جاسکتا ہے۔
تاہم یہ سروس اتنی مؤثر نہ ہوگی کہ وہ کار سے لائیو اسٹریم ویڈیو انٹرنیٹ پر دکھاسکے لیکن ایلون مسک نے کہا کہ دوردراز علاقوں میں معمولی انٹرنیٹ بھی نہ ہونے سے بہتر ہے۔
دوسری جانب خود ٹیسلا نے امریکی سیلولر کمپنی کے اشتراک سے اپنی گاڑیوں میں معیاری کنیکٹویٹی فراہم کی ہے جو لائف ٹائم ہے۔ اس کے ساتھ نیوی گیشن اور نقشہ جات یعنی گوگل میپس بھی شامل ہیں۔
یہ بات واضح رہے کہ ٹیسلا نے ابھی یہ نہیں بتایا کہ وہ اپنی کاروں کو اسٹارلنک سے منسلک کب کرے گی؟