سیلابی صورتحال میں وفاق کو والد کا کردار ادا کرنا چاہیے، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا

پشاور:وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ وفاق حکومت کی حیثیت والد کی طرح ہوتی ہے، موجودہ سیلابی صورتِ حال میں مرکزی حکومت کو والد کا کردار ادا کرنا چاہیے۔

وزیراعلیٰ کے پی نے ہاکی گراؤنڈ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ این ایچ اے کو سڑکوں کی تعمیر کا کہہ دیا ہے تاہم ابھی تک ان کی طرف سے کوئی ایکشن نہیں لیا گیا، ایک مہینہ قبل آئے سیلاب نے ٹانک اور کرک کو متاثر کیا، ہم نے بروقت اقدامات کیے اور ایمرجنسی فنڈ کی فوری منظوری دی۔

محمود خان نے کہا کہ بدقسمتی سے ندی نالوں پر تجاوزات کی وجہ سے نقصان بہت زیادہ ہوا، ڈی آئی خان اور ٹانک میں ضلعی انتظامیہ اور دیگر ریلیف اداروں نے اچھا کردار ادا کیا، صوبہ بھر میں ریلیف سرگرمیاں بلا تعطل جاری ہیں، سیلابی ریلا پچھلے تمام ریلوں سے کئی گنا بڑا اور خطرناک تھا۔

انہوں نے کہا کہ امتحان کی اس گھڑی میں ہر وقت اپنے عوام کے درمیان موجود ہوں، ریسکیو اینڈ ریلیف کے بعد نقصانات کے تخمینے کے لیے سروے کیا جائے گا، تباہ شدہ انفراسٹرکچر کی فوری بحالی کے لیے ہنگامی اقدامات اْٹھا رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ مشکل کی اس گھڑی میں متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، صوبائی حکومت متاثرہ خاندانوں کو دوبارہ آباد کرنے تک چین سے نہیں بیٹھے گی، سوات سمیت سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کے لیے ایمرجنسی نافذ کر رکھی ہے۔