جمائما کی سیلاب زدگان کی امداد کیلئے الخدمت فاؤنڈیشن کو عطیات دینے کی اپیل

لندن: عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما گولڈ سمتھ نے سیلاب زدگان کی امداد کے لیے الخدمت فاؤنڈیشن کو عطیات دینے کی اپیل کی ہے۔ 

وقت سے پہلے اور مقررہ اوسط سے زائد مون سون بارشوں نے سندھ سے لیکر خیبر پختونخوا اور شمالی علاقوں میں بڑے پیمانے پر تباہی مچا رکھی ہے۔

 سیلاب کے باعث بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا ہے، ساڑھے 1100 سے زائد افراد سیلابی ریلوں کی نذر ہو گئے اور لاکھوں افراد بے گھر ہو گئے ہیں، 10 لاکھ کے قریب مویشی ہلاک ہو گئے جبکہ لاکھوں ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہو گئیں۔

 حکومت پاکستان اور بین الاقوامی اداروں کے ساتھ ساتھ دوست ممالک اور نجی و غیر ملکی فلاحی ادارے بھی سیلاب زدگان کی مدد میں پیش پیش ہیں۔ ایسے میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ نے بھی پاکستانی کے سیلاب زدگان کی مدد کے لیے سوشل میڈیا پر اپیل کی ہے۔

جمائما نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں لکھا کہ سیلاب زدگان کی امداد کے لیے الخدمت فاؤنڈیشن کو عطیات دیں، الخدمت فاؤنڈیشن سیلاب سے متاثرہ تمام علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف کے کام کر رہی ہے۔

 عمران خان کی سابق اہلیہ نے الخدمت فاؤنڈیشن کا لنک شیئر کیا اور ساتھ فلاحی ادارے کا بینک اکاؤنٹ نمبر بھی شیئر کیا۔

 اس کے علاوہ جمائما گولڈ اسمتھ نے سیلاب زدگان کو عطیات دینے کے لیے خیبرپختونخوا اور پنجاب حکومت کے ریلیف فنڈ کے اکاؤنٹ نمبرز بھی شیئر کئے۔