سعودی عرب میں خاتون سوشل میڈیا ایکٹوسٹ کو 45سال قید کی سزا 

ریاض: سعودی عدالت نے خاتون سوشل میڈیا ایکٹوسٹ کو 45 سال قید کی سزا سنائی ہے۔

 سعودی عرب میں سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ نورہ بنت سعید القحانی کو مبینہ طور پر ایک پوسٹ پر 4 جولائی 2021 کو تحویل میں لیا گیا تھا۔

سعودی سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ کی تنظیم کے ترجمان کا کہنا ہے کہ نورہ بنت سعید پر سوشل میڈیا کے ذریعے امن عامہ کو نقصان پہنچانے، معاشرتی ہم آہنگی میں رخنہ ڈالنے اور سعودی سماجی روایتوں کو پامال کرنے کے الزامات لگائے گئے تھے۔

  سعودی عرب میں رواں ماہ یہ اپنی نوعیت کا دوسرا واقعہ ہے جس میں کسی خاتون کو سوشل میڈیا پر سرگرمیوں کی وجہ سے قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ اس سے قبل پی ایچ ڈی کی طالبہ سلمیٰ الشہاب کو 34 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔