روس اور چین کو اے آئی کمپیوٹر چپس کی برآمد پر پابندی

امریکی حکومت نے چین اور روس کے لیے سپر کمپیوٹرز اور آرٹی فیشل انٹیلی جنس سے لیس کمپیوٹر چپس کی برآمد روکنے کے لیے نئے قوانین کا نفاذ کیا ہے۔

ایک کمپنی NVIDIA کی جانب سے ایس ای سی میں جمع کرائی گئی دستاویز کے مطابق حکومت کی جانب سے آگاہ کیا گیا ہے کہ مشین لرننگ ٹاسکس کے لیے ڈیزائن کیے گئے جی پی یوز مخصوص ممالک کو فروخت کرنے سے قبل نئے لائسنس لینے کی ضرورت ہوگی۔

کمپنی کے مطابق حکومت نے عندیہ دیا ہے کہ ان چپس کو فوجی مقاصد کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔

امریکی محکمہ تجارت کے ایک ترجمان نے بتایا کہ اے آئی اور مشین لرننگ ٹیکنالوجی کو ہتھیاروں کی تیاری اور نگرانی سمیت متعدد ایپلیکیشنز کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔

اس سے قبل اگست 2022 میں امریکا نے جدید ترین پراسیسرز کی تیاری کے لیے درکار چپس تک چین کی رسائی روکنے کے لیے ایک ایکسپورٹ کنٹرول قانون کا نفاذ کیا تھا۔

ایک اور کمپنی اے ایم ڈی نے بتایا کہ نئے قوانین کے باعث وہ اپنی چپس چین برآمد نہیں کرسکے گی۔