ٹوئٹر میں ٹوئٹ پوسٹ ہونے کے بعد اسے ایڈٹ کرنے والے بٹن کے فیچر کا مطالبہ صارفین کی جانب سے سب سے زیادہ کیا جاتا ہے اور آخرکار کمپنی نے اسے کسی حد تک مان لیا ہے۔
جی ہاں واقعی ٹوئٹر نے ایڈٹ بٹن متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے جو ستمبر میں کسی وقت صارفین کو دستیاب ہوگا۔
ٹوئٹر نے ایک بیان میں بتایا کہ اس وقت ایڈٹ بٹن کی اندرونی طور پر آزمائش کی جارہی ہے جس کے بعد ستمبر کے آخر تک ٹوئٹ ایڈٹ کرنے والا فیچردستیاب ہوگا، مگر عام صارفین کی بجائے صرف کمپنی کی پیڈ سروس ٹوئٹر بلیو کے سبسکرائبرز کو۔
یہ سروس اس وقت آسٹریلیا، کینیڈا، نیوزی لینڈ اور امریکا میں دستیاب ہے اور دیگر ممالک کے حوالے سے کمپنی نے کوئی بیان نہیں دیا۔
کمپنی نے ایک بلاگ پوسٹ میں بتایا کہ ٹوئٹ پوسٹ کرنے کے 30 منٹ کے اندر اسے ایڈٹ کیا جاسکے گا۔
کمپنی کے مطابق ایڈٹ کیے جانے والے ٹوئٹس ٹائم اسٹیمپ اور لیبل کے ساتھ نظر آئیں گے جس سے پڑھنے والوں کو معلوم ہوجائے گا کہ اوریجنل ٹوئٹ کو ایڈٹ کیا گیا ہے۔
کمپنی نے بتایا کہ پہلے ایک ملک میں اس فیچر کا ٹیسٹ ہوگا اور اس کو مدنظر رکھتے ہوئے دیگر ممالک میں اسے متعارف کرایا جائے گا۔
خیال رہے کہ فیس بک، انسٹاگرام اور متعدد دیگر پلیٹ فارمز میں اس طرح کا فیچر کافی عرصے سے موجود ہے۔