خیبر پختونخوا میں موسمیاتی تبدیلی پالیسی 2022 کی منظوری

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوامحمودخان نے موسمیاتی تبدیلی پالیسی 2022 کی منظوری دیدی۔

وزیراعلیٰ محمود خان کا کہنا ہے کہ پالیسی کا مقصد موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات سے نمٹنا ہے پالیسی میں ماحولیات پر منفی اثرانداز ہونے والے 129 عوامل کی نشاندہی کی گئی ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پالیسی میں 172 ماحول دوست اُمور کی نشاندہی بھی کی گئی ہے موسمیاتی تبدیلی کے اثرات خیبر پختونخوا میں بھی نمایاں ہو رہے ہیں، موسمیاتی تبدیلی پالیسی وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔

دوسری جانب پشاور سمیت خیبرپختونخوا میں بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، جس کے باعث بالائی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بارشوں کا شروع ہونے والا نیا سلسلہ بدھ کے روز تک وقفے وقفے سے جاری رہے گا، جس کے باعث شہری علاقوں میں برساتی نالوں میں طغیانی کا امکان ہے جبکہ بالائی علاقوں میں لینڈسلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔

بارشوں کا نیا سلسہ شروع ہونے پر صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے ضلعی انتظامیہ کو مراسلہ جاری کردیا ہے، جس میں تیز بارشوں کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو اقدامات اٹھانے کی ہدایات کی گئی ہے۔