اسلام آباد: امریکی رکن کانگریس شیلا جیکسن کی قیادت میں آئے امریکی وفد نے کہا ہے کہ مشکل وقت میں پاکستانی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے پاکستان کی امداد جاری رکھیں گے۔
میڈیا ذرائع مطابق دورہ پاکستان پر آئی امریکی رکن کانگریس شیلا جیکسن نے اسلام آباد میں تعینات امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کے ہمراہ پارلیمنٹ ہاؤس پہنچیں جہاں انہوں نے چیئرمین سینیٹ اور اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کی۔
ملاقات کے حوالے سے جاری اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک کی شخصیات کے درمیان ہونے والی ملاقات میں پاک امریکا تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گيا۔
اس موقع پر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کا کہنا تھا کہ پاکستان امریکا سے دیرینہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، پاک امریکا تعمیری روابط خطے میں امن اور ترقی کو فروغ دیں گے۔
اس دوران امریکی وفد نے کہا کہ مشکل وقت میں پاکستانی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے پاکستان کی امداد جاری رکھیں گے۔
امریکی کانگریس رکن شیلا جیکسن نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا فضائی جائزہ بھی لیا۔