پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے "چیف منسٹر فلڈریلیف فنڈ" کے تحت سیلاب سے تباہ گھروں کی بحالی کیلئے متاثرین کو نقد رقم دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ متاثرین کی بحالی کو پہلی ترجیح دی جائے تاکہ بے گھر لوگوں کو رہنے کیلئے چھت کی سہولت مہیا کی جاسکے۔
انہوں نے فلڈ ریلیف فنڈ کے تحت دیگر بینکوں میں بھی اکاؤنٹ کھولنے کی ہدایت کی ہے تاکہ مخیر حضرات کو عطیات دینے میں آسانی ہو۔
یہ ہدایات انہوں نے منگل کے روز چیف منسٹر فلڈریلیف فنڈ کے استعمال اور انتظام کیلئے قائم کی گئی کمیٹی کے پہلے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔
کمیٹی کی ٹیکنیکل ایڈوائزر سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشتر کے علاوہ صوبائی وزراء تیمور سلیم جھگڑا، کامران بنگش، چیف سیکرٹری ڈاکٹر شہزاد بنگش، ایڈیشنل چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ اور دیگر اراکین نے اجلاس میں شرکت کی۔
وزیراعلیٰ نے اس موقع پر سیلاب متاثرین کی بحالی کے عمل میں بین الاقوامی شراکت داروں کو شامل کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ متاثرین کی بحالی کا مرحلہ بہتر انداز میں مکمل کیا جاسکے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ فنڈز کے مؤثر استعمال کے لئے ہوم ورک مکمل کرکے حتمی لائحہ عمل منظوری کیلئے پیش کیا جائے اور واضح کیا کہ مستحق لوگوں تک ان کا حق پہنچناچاہیئے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی بحالی کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں گے۔
متاثرین کی بحالی اور ریلیف کی فراہمی کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ صوبے کے متاثرہ اضلاع میں ریلیف اور بحالی کی سرگرمیوں کیلئے ایمرجنسی نافذ ہے۔
اُنہوں نے کہاکہ حکومت کو سیلاب متاثرین کی مشکلات کا بخوبی اندازہ ہے یہی وجہ ہے کہ صوبائی حکومت نے سیلاب سے متاثرہ دوردراز علاقوں میں متاثرین کی مدد کیلئے اپنا ہیلی کاپٹر وقف کر رکھا ہے اور اس وقت یہ ہیلی کاپٹر ضلع لوئر کوہستان میں امدادی اور ریلیف سرگرمیوں میں مصروف ہے۔
ہیلی کاپٹر نے گزشتہ دو دنوں سے ضلع لوئر کوہستان میں ریلیف آپریشن شروع کررکھا ہے جس کی تکمیل کے بعد ہیلی کاپٹر ضلع اپر کوہستان میں متاثرین کو ریلیف کی فراہمی کیلئے استعمال کیا جائے گا۔