وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ امپورٹڈ حکومت کے پاس نہ تو کوئی عوامی مینڈیٹ ہے اور نہ ایجنڈا،یہ اقتدار میں صرف اپنے مقدمات ختم کرانے اور اپنی چوری چھپانے آئے ہیں۔
ان کے پاس عوام کے لیے کوئی پالیسی نہیں، انکا کام صرف عوام کا پیسہ چوری کر کے باہر ممالک بھیجنا ہے۔امپورٹڈ حکومت نے غریب عوام پر مہنگائی کا جو عذاب مسلط کیا ہے عوام انہیں معاف نہیں کریں گے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ موجودہ وفاقی حکومت نے ملکی معیشت کو تباہ کر دیا، مہنگائی اپنی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی لیکن امپورٹڈ حکومت کو عوام کی کوئی فکر نہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز انصاف سٹوڈنٹ فیڈریشن (خیبرپختونخوا)کی ممبر شپ ڈرائیو 2022 کے اجراکے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ جب بھی پارٹی چیئرمین عمران خان کال دیں گے تو ان کی کال پر تمام کارکن لبیک کہیں گے۔ عمران خان ایک برانڈ بن چکے ہیں اور وہ واحد لیڈر ہیں جو ملک کو بحرانوں سے نکالنے اور معیشت کو درست سمت میں ڈالنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور پورے ملک کے عوام ان پر اعتماد کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انصاف سٹوڈنٹ فیڈریشن پاکستان تحریک انصاف کی ریڑھ کی ہڈی کی مانند ہے اور قومی سیاست میں اس کا کردار کلیدی ہے اور واضح کیا کہ سٹوڈنٹ فیڈریشن ہی پاکستان تحریک انصاف کا اثاثہ ہے اور اسی سے ہی لیڈرز بنتے ہیں۔
2007 میں چند ہی لوگوں پر مشتمل قائم ہونے والی تنظیم آج ایک تنا ور درخت بن چکی ہے اور مستقبل میں بھی ترقی کا یہ سفر زور و شور سے جاری رہے گا۔
محمود خان نے کہا کہ جب بھی پارٹی کو ضرورت پڑی تو سٹوڈنٹ فیڈریشن نے اپنا اہم کردار ادا کیا اور یہ ثابت کیا کہ یہ پاکستان تحریک انصاف کا اصل سرمایہ ہے۔
وزیراعلی ٰمحمود خان نے کہاکہ مستقبل میں نوجوان طبقے ہی نے پارٹی اور ملک کی باگ ڈور سنبھالنی ہے اور ان ہی لوگوں نے ملک کو چلانا ہے۔
انھوں نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف کسی مخصوص علاقے یا صوبے کی جماعت نہیں، یہ ایک قومی جماعت بن چکی ہے جس کی جڑیں پختونخوا سے لے کر گلگت اورپنجاب سے کشمیر تک پھیلی ہوئی ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہاکہ ہم سب نے مل کر عمران خان کا ہاتھ مضبوط کرنا ہے اور ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔ عمران خان ہی واحد لیڈر ہیں جن کی مقبولیت میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے اور سمند ر پار پاکستانیوں سمیت پوری پاکستانی قوم ان پر اعتماد کرتی ہے۔
وزیراعلیٰ نے نوجوانوں کی فلاح و ترقی کیلئے حکومتی اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ موجودہ صوبائی حکومت نوجوانوں کی فلاح و بہبود پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور اس مقصد کیلئے متعدد منصوبے شروع کئے گئے ہیں۔
نوجوانوں کو بلاسود قرضوں کی فراہمی، سکل ڈویلپمنٹ پروگرام اور فنی و پیشہ وارانہ تعلیمی اداروں کا قیام صوبائی حکومت کے نوجوان دوست اقدامات ہیں موجودہ حکومت نوجوانوں کو بااختیار بنانے پر یقین رکھتی ہے اور یہی وجہ ہے کہ پارٹی یا حکومتی سطح پر نوجوانوں کو ہی بھر پور ترجیح دی جاتی ہے۔