خیبرپختونخوا کو آٹے کی ترسیل بند، 20کلو کا تھیلا 200روپے مہنگا

 لاہور: پنجاب کی جانب سے خیبرپختونخوا کو آٹے کی ترسیل بند کردی گئی، جس کے بعد 20 کلو آٹے کے تھیلے میں 200 روپے کا اضافہ ہوگیا۔

 پنجاب اور خیبرپختونخوامیں پی ٹی آئی کی حکومت ہے، اور دونوں صوبوں میں ہی آٹے کے نرخ کنٹرول سے باہر ہوگئے ہیں، اور خیبرپختونخوامیں آٹے کی قیمتوں کو پر لگ گئے ہیں۔ 

پنجاب نے ایک بار پھر خیبرپختون خوا کو آٹے کی سپلائی بند کی تو صوبے میں ایک ہفتے کے دوران 20 کلو کے تھیلے میں 200 روپے بڑھا دیئے گئے ہیں۔

 خیبرپختون خوا میں ایک ہفتے میں ساڑھے 1700 روپے کا آٹے کا ساڑھے 1900 روپے میں فروخت ہورہا ہے۔ اور پنجاب سے سپلائی شروع نہ ہونے پر اس میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔

 آٹے کی بڑھتی قیمتوں سے شہری بھی پریشان ہیں، صوبائی حکومت کا سستا آٹا کب اورکہاں سے ملتا ہے شہریوں کو اس حوالے سے بھی کوئی علم نہیں۔

 واضح رہے کہ خیبرپختونخوا کی سالانہ ضرورت 43 لاکھ میٹرک ٹن گندم ہے تاہم صوبے کی اپنی پیداوارصرف تیرہ لاکھ میٹرک ٹن ہے، اور 30 لاکھ میٹرک ٹن گندم کی ضروت پنجاب سے پوری ہوتی ہے۔