کراچی:اقوام متحدہ (یو این) کے سکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ پاکستان میں سیلاب سے تباہی کے ذمہ دار جی ٹوئنٹی ممالک ہیں۔اسی فیصد کاربن کا اخراج یہی جی ٹونٹی ممالک کرتے ہیں۔
پاکستان کے دورے کے اختتام پر انتونیو گوتریس نے کہاکہ سوال پاکستان کیلئے امداد کا نہیں، پاکستان کے ساتھ انصاف کا ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا کہ عالمی حدت میں پاکستان کا حصہ صرف ایک فیصد ہے، لیکن خمیازہ پاکستان بھگت رہا ہے۔
انہوں نے کہاکہ سیلاب زدہ علاقوں میں دیکھی تباہی الفاظ میں بیان نہیں کی جاسکتی، ترقی یافتہ ملک پاکستان کو تباہی سے نکالنے میں مدد کریں۔
انہوں نے کہا کہ تباہی سے نمٹنے کی پاکستان میں سکت نہیں اور نہ ہی پاکستان اکیلے یہ کرسکتا ہے، اقوام متحدہ پاکستان کی آواز کے ساتھ آواز ملائے گا۔
انتونیو گوتریس نے وزیراعظم شہبازشریف اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ سندھ اور بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا فضائی جائزہ لیا، ساتھ ہی سیلاب متاثرین کے کیمپس کا دورہ کیا۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اس تباہی کے ذمے دار ممالک فطرت کے خلاف لڑنا بند کریں، آلودگی ختم کریں۔