کھیل اور سیاحت کے فروغ سے معیشت بھی بہتر ہوگی، وزیراعلیٰ

پشاور:وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے سیاحت و کھیل کے شعبے کی ترقی کو اپنی حکومت کی ترجیحات کا ایک اہم جز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کھیل اور سیاحت کو فروغ سے نہ صرف صحت مند سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا بلکہ معیشت کو بھی تقویت ملے گی۔

 رواں سال صوبائی ترقیاتی پروگرام کے مطابق کھیل، سیاحت،آرکیالوجی، امور نوجوانان اورکلچرکے کل124 منصوبے شامل ہیں جن میں 90 جاری اور34 نئے ہیں۔ ان منصوبوں کی مجموعی لاگت تقریباساڑھے 19 ارب روپے ہے۔

 منصوبوں میں نئے ضم شدہ اضلاع کے بھی ترقیاتی منصوبے شامل ہیں جن کی مالیت ڈھائی ارب روپے سے زائد ہے۔ 

وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ سے جاری اپنے ایک بیان میں محمود خان نے کہاکہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے وژن کے مطابق خیبرپختونخوا میں سیاحت اور کھیل کے شعبے میں خصوصی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ 

رواں ترقیاتی پروگرام میں چترال، دیر لوئر، ہنگو، ایبٹ آباد میں سپورٹس کمپلیکس کی تعمیر کیلئے منصوبے شامل کئے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ پہلے سے موجود سپورٹس کمپلیکس و کھیلوں کی دیگر سہولیات کی بہتری و بحالی پر بھی کام جاری ہے جبکہ کوہاٹ سپورٹس کمپلیکس میں کرکٹ کوچنگ اکیڈمی کے قیام کیلئے بھی جلد منصوبہ شروع کیا جائے گا۔

 اسی طرح سیاحت کے شعبے میں بھی نئے منصوبے شروع کئے جارہے ہیں جن میں کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی استعداد کا رمیں اضافہ، سیاحتی علاقوں میں جیپ ٹریکس کی تعمیر وغیرہ شامل ہیں۔

 وزیراعلیٰ نے گزشتہ چار سالوں کے دوران اس شعبے میں حکومتی اقدامات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہاکہ صوبے میں سیاحت وکھیل کے شعبے کی ترقی کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔صوبے کی سیاحت کو بین الاقوامی سطح پر فروغ دینے کیلئے خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹوارزم اتھارٹی کا قیام عمل میں لایا گیا ہے تاکہ سیاحت کو پروان چڑھایا جاسکے۔

اس کے علاوہ صوبے میں تین نئی ڈویلپمنٹ اتھارٹیز (کالاش، کمراٹ، اپر سوات) قائم کی گئی ہیں جبکہ سیاحوں کے تحفظ کیلئے ٹوارزم پولیس کا اجرا بھی کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہزارہ اور ملاکنڈ ڈویژنز میں سیاحتی سڑکوں کی تعمیر وبحالی پربھی کام جاری ہے جبکہ سیاحوں کی سہولت کیلئے مختلف سیاحتی مقامات پر کیمپنگ پاڈز بھی قائم کئے گئے ہیں۔اس کے علاوہ صوبے میں چار انٹگرٹیڈ ٹوارزم زون کے قیام کا منصوبہ شروع کیا گیا ہے جس کی تکمیل سے سیاحت میں مزید تیزی آئے گی۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ موجودہ سیاحتی مقامات پر سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ نئے سیاحتی مقامات کی دریافت اور ترقی پر بھی زور و شور سے کام جاری ہے۔ اسی طرح شعبہ کھیل میں بھی بھرپور اقدامات کئے گئے ہیں جن میں ضلع اور تحصیل کی سطح پر پلے گراونڈز کی تعمیر کے بعد یونین کونسل کی سطح پر کھیلو ں کے میدان کے قیام کا منصوبہ، حیات آباد سپورٹس کمپلیکس کی اپ گریڈیشن اور دیگر شامل ہیں۔

 انہوں نے کہاکہ ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم پر کام تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔ صوبے کی تاریخ میں پہلی بار بین الاقوامی اہمیت کے حامل کالام کرکٹ سٹیڈیم پر بھی پیش رفت جاری ہے جبکہ کوہاٹ میں پہلا اسٹیٹ آف دی آرٹ سپورٹس کمپلیکس قائم کیا گیا ہے۔

علاوہ ازیں صوبے کے متعدد اضلاع میں ہاکی ٹرف، جمنازیم او ر دیگر سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔اسی طرح ضم اضلاع میں بھی کھیلوں کے فروغ پر بھی کافی کام کیا جا چکا ہے جن میں پانچ ارب روپے کی لاگت سے کھیلوں کی سہولیات کی اپ گریڈیشن اور بحالی، باجوڑ میں خار سپورٹس کمپلیکس کی تعمیر، انڈور جمنازیم باجوڑ، ہاکی اسٹیڈیم باجوڑ، پارا چنار سپورٹس کمپلیکس میں انڈور جمنازیم کا قیام اور دیگر اقدامات شامل ہیں۔ وزیراعلی نے کہا کہ گزشتہ چار سالوں میں کلچر اور امور نوجوانان کے شعبے میں بھی خاطر خواہ سرمایہ کاری کی گئی ہے۔