آواز سے کورونا وائرس کی تشخیص کرنے والی ایپ تیار

آواز سے کورونا وائرس کی تشخیص کرنے والی ایپ تیار کرلی گئی ہے جسے ماہرین نے اہم پیشرفت قرار دیا ہے۔

اے آئی ٹیکنالوجی سے لیس اس ایپ کو استعمال کرنا آسان ہے جبکہ یہ leteral flow ٹیسٹ سے زیادہ بہتر نتیجہ فراہم کرتی ہے۔

نیدرلینڈز کی Maastricht یونیورسٹی کے ماہرین نے اس ایپ کو تیار کیا ہے جو ایک منٹ سے بھی کم وقت میں مثبت کیسز کی شناخت کرسکتی ہے۔

اس ایپ کے 89 فیصد نتائج درست ہوتے ہیں جبکہ منفی کیسز کا تعین کرنے کی شرح 83 فیصد تک درست ہے۔

اس کے مقابلے میں lateral flow ٹیسٹوں میں حلق یا ناک سے مواد حاصل کیا جاتا ہے اور یہ ٹیسٹ ایسے مریضوں کو شناخت نہیں کرپاتا جن میں بیماری کی علامات موجود نہ ہوں۔

محققین نے بتایا کہ یہ ایپ ایسے غریب ممالک کے لیے مددگار ثابت ہوسکے گی جہاں پی سی آر ٹیسٹ بہت مہنگے ہیں یا دستیاب ہی نہیں۔

انہوں نے بتایا کہ کورونا وائرس سے عموماً نظام تنفس کی اوپری نالی متاثر ہوتی ہے جس کے نتیجے میں متاثرہ فرد کی آواز میں تبدیلیاں آتی ہیں۔

اس ایپ کی تیاری کے لیے برطانیہ کی کیمبرج یونیورسٹی کی کووڈ 19 ساؤنڈ ایپ کے ڈیٹا کو استعمال کیا گیا۔

یہ ڈیٹا 4352 افراد کے آڈیو نمونوں پر مشتمل تھا جن میں سے 308 میں وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔

اس ایپ کو موبائل فون پر انسٹال کرنے کے بعد صارفین سے مختلف تفصیلات حاصل کی جاتی ہیں۔

اس کے بعد انہیں کھانسنے، گہرے سانس لینے یا کچھ بولنے کا کہا جاتا ہے۔

پھر ایپ کی جانب سے آواز کی جانچ پڑتال کی جاتی ہے اور اے آئی ٹیکنالوجی کی مدد سے کووڈ کے مریض کی شناخت کی جاتی ہے۔

محققین نے بتایا کہ حوصلہ افزا نتائج سے عندیہ ملتا ہے کہ آواز کی ریکارڈنگ اور اے آئی الگورتھمز کی مدد سے کووڈ 19 کی تشخیص کی جاسکتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کے ٹیسٹوں کی کوئی قیمت نہیں ہوتی اور ان کو استعمال کرنا آسان ہوتا ہے۔

ابھی یہ ایپ عام استعمال کے لیے دستیاب نہیں بلکہ محققین کی جانب سے مزید افراد کو تحقیق کا حصہ بنایا جارہا ہے۔