ہملٹن: ایک ہی ملزم کینیڈا کے شہروں مِسّی ساگا، ملٹن اور ہملٹن میں پاکستانی نژاد محمد شکیل اشرف اور ایک پولیس افسر کو قتل جب کہ 3 افراد کو زخمی کرنے کے بعد خود بھی مقابلے میں مارا گیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق کینیڈا کے شہر ملٹن میں ایم کے ورکشاپ پر نامعلوم مسلح شخص نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں آٹو ورکشاپ کے مالک محمد شکیل جاں بحق ہوگئے۔
محمد شکیل پاکستانی نژاد کینیڈی شہری ہیں اور کافی برسوں سے ہملٹن میں مقیم تھے۔
محمد شکیل پر حملے میں دیگر دو افراد زخمی بھی ہوئے جو مقامی شہری ہیں اور ان کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔ محمد شکیل کے قتل کی وجہ کا تعین نہیں ہوسکا۔
دوسری جانب مسی ساگا میں ایک سرچ آپریشن کے دوران مسلح ملزم اور اہلکاروں کے درمیان فائرنگ تبادلہ ہوا جس میں پولیس اہلکار اینڈریو ہانگ ہلاک اور ایک اہلکار شدید زخمی ہوگیا جو تشویشناک حالت میں زیر علاج ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ یہی ملزم فرار ہوکر ملٹن پہنچا اور آٹو ورکشاپ کے مالک محمد شکیل کو قتل کرکے ہملٹن بھاگا۔ پولیس نے تعاقب کے بعد مسلح ملزم کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا۔
مسلح ملزم کی شناخت 30 سالہ شوان پیٹری کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس نے اس اہم اور پیچیدہ کیس کو حل کرنے کے لیے انکوائری ٹیم تشکیل دیدی۔