اسلام آباد:بل اینڈ ملنڈا گیٹس فاؤنڈیشن نے سندھ اور بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ لوگوں کے لیے تقریباً 7.5 ملین ڈالر کی انسانی امداد کا اعلان کیا ہے۔
فاؤنڈیشن نے حکومت پاکستان کی امدادی سرگرمیوں کو معاونت فراہم کرنے اپنی موجودہ گرانٹس کے مصارف کو ازسر نو ترتیب دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
بل اینڈ ملنڈا گیٹس فاؤنڈیشن گلوبل ڈویلپمنٹ کے صدر کرسٹوفر الیس سفیر پاکستان مسعود خان کو لکھے گئے خط میں ان اقدامات کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ فاؤنڈیشن پولیو پروگرام کے ذریعے سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں آغا خان یونیورسٹی کی جانب سے چلائے جانے والے 1200 ہیلتھ کیمپوں کی بھی مدد کرے گی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ فاؤنڈیشن تین زچگی ہسپتالوں کے لیے مزید امداد بھی فراہم کرے گی تاکہ ایسے ہسپتالوں کہ جن میں بے گھر ہونے والی خواتین کی دیکھ بھال کا بوجھ زیادہ ہے وہاں زچگی سے متعلقہ سہولیات کو بہتر بنایا جا سکے۔
سفیر پاکستان کو لکھے گئے خط میں بتایا گیا ہے کہ فاؤنڈیشن کی جانب سے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں خوراک کی سبسڈی اور کیش ٹرانسفر کی مد میں چار ملین ڈالر کی گرانٹ فراہم کی گئی۔
کرسٹوفر نے بل اینڈ ملنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کی جانب سے پاکستان میں حالیہ سیلاب سے ہونے والے نقصانات پر گہری ہمدردی اور دکھ کا اظہار کیا،بل اینڈ ملنڈا گیٹس فاؤنڈیشن گلوبل ڈویلپمنٹ کے صدر نے خط میں لکھا ہے کہ پاکستان میں حالیہ سیلاب ایک قومی المیہ ہے جو کہ دنیا بھر کی توجہ کا مرکز ہے۔انہوں نے کہا پاکستانی عوام، ان کے گھروں اور انکی زمینوں پر سیلاب کے تباہ کن اثرات انتہائی غم انگیز ہیں
سفیر پاکستان مسعود خان نے مشکل اور ضرورت کی گھڑی میں پاکستانی عوام کی مدد کرنے پر فاؤنڈیشن کا شکریہ ادا کیا،گلوبل ڈویلپمنٹ کے صدرنے مشکل حالات میں پاکستانی عوام کی ہمت کو سراہا اور دوبارہ زندگی شروع کرنے کے سفر میں ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
سفیر پاکستان مسعود خان نے 26 اگست 2022 کو شریک چیئر مین بل اینڈ ملنڈا گیٹس فاؤنڈیشن، بل گیٹس کو خط لکھا تھا جس میں انہوں نے بل گیٹس کو سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں کے حوالے سے آگاہ کیا تھا،سفیر پاکستان نے خط میں بتایا تھا کہ یہ سیلاب ماحولیاتی تبدیلی اور موسم کی شدت کی وجہ سے آیا ہے۔
خط میں انہوں نے کہا تھا کہ بل اینڈ ملنڈا گیٹس فاؤنڈیشن نے صحت کے شعبے اور بحرانوں کے حوالے سے پاکستان کی ہمیشہ مدد کی ہے،فاؤنڈیشن کی جانب سے فراہم کردہ امداد کا حوالہ دیتے ہوئے سفیر پاکستان مسعود خان نے کہا کہ پاکستانی عوام 2010 کے سیلاب کے دوران فاؤنڈیشن کی جانب سے کی جانے والی ا مداد اور 700,000 ڈالر کے فراخدلانہ عطیہ کو نہیں بھولے۔
سفیر پاکستان نے کہا کہ سیلاب کے نتیجے میں ہونے والی تباہی پر قابو پانے اور متاثرہ عوام کی مشکلات کم کرنے کی ہماری کوششوں میں فاؤنڈیشن کی جانب سے فراہم کردہ فوری امداد قابل تحسین ہوگی۔