چین کا کہنا ہے کہ امریکا فوری طور پر افغان منجمد اثاثوں کو غیر منجمد کرے اور افغان اثاثوں کی افغانستان کو مکمل اور آزادانہ ادائیگی کرے۔
امریکا نے گزشتہ روز افغانستان کے 3.5 بلین ڈالر کے اثاثے سوئٹزرلینڈ کے افغان فنڈ میں منتقل کرنے کا کہا ہے۔
ترجمان چینی وزارت خارجہ ماؤننگ کا کہنا ہے کہ افغان مرکزی بینک کے امریکا میں منجمد اثاثے افغان قومی ملکیت ہیں جو افغانوں کی زندگیوں کے تحفظ کے لیے ضروری ہیں، افغان منجمد اثاثوں کی فوری، مکمل اور آزادانہ ادائیگی ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ افغان اثاثے افغان عوام کی فلاح کے لیے کسی مداخلت کے بغیر استعمال ہونے چاہیئیں، امریکا افغان اثاثوں کو فوری غیر منجمد کرے اور یک طرفہ پابندیاں ہٹائے۔
ترجمان چینی وزارت خارجہ نے کہا کہ امریکا افغانستان میں امن و استحکام کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کرے۔
واضح رہے کہ امریکا میں موجود افغان مرکزی بینک کے 7 ارب ڈالر کے اثاثے امریکا نے منجمد کیے ہوئے ہیں۔