پاک چین دوستی کے تحت چینی کمپنیوں (ایل پی ایچ ٹی) اور(جی اے آر ایس) نے پاکستان میں متاثرین سیلاب کے لئے 3کروڑ 22لاکھ روپے مالیت کی امددا فراہم کی ہے ۔
چینی ویب سائٹ چائنا اکنامک نیٹ کے مطابق یوآن لانگ پنگ ہائی ٹیک ایگریکلچر کمپنی لمیٹڈ (ایل پی ایچ ٹی) اور گارڈ ایگریکلچرل ریسرچ اینڈ سروسز پرائیویٹ کمپنی(جی اے آر ایس) کی طرف سے فراہم کردہ امداد میں 2کروڑ 61لاکھ (26.19ملین ) روپے مالیت کے 440خیمے، 171.5ٹن چاول،1920کلوگرام نمک، 5ٹن آٹا ،اور 20لاکھ روپے نقد امداد لاہور انڈسٹری اینڈ کامرس چیمبر اور ہائبرڈ ہائی ٹیک سیڈز ایسو سی ایشن کے ذریعے عطیہ کیے گئے اورمقامی عملے کے گھروں کی تعمیر نو کی مد میں 40لاکھ روپے فراہم کیے گئے ہیں۔
یہ امداد لاڑکانہ، نوڈیرو، خیرپور،سانگھڑ،سوات اور مردان میں تعمیر نو کے لیے خرچ کی جائے گی۔ ایل پی ایچ ٹی جدید ہائی ٹیک بیج تیار کرنے والا گروپ ہے جس کا نام ماہر تعلیم یوآن لانگ پنگ کے نام پر رکھا گیا ہے۔
کمپنی 2 دہائیوں سے زیادہ عرصے سے پاکستان میں ہائبرڈ چاول کی کاشت کے لیے تکنیکی معاونت فراہم کر رہی ہے۔ جی اے آر ایس مشن کے طور پر “فی ایکڑ پیداوار بڑھانے کے لیے معیاری بیج تیار کرنے کے لیے جدید ترین زرعی اور فصل کی ٹیکنالوجیز درآمد، حاصل اور تیار کرنے اور قوم کو مناسب غذائی تحفظ حاصل کرنے کے لیے اناج کے اضافی ذخائر کی تعمیر میں مدد فراہم کرتا ہے۔
ایل پی ایچ ٹی اور جے اے آر ایس مارکیٹ میں چاول کے اعلیٰ ترین ہائبرڈ بیج کی برانڈ ہیں، جن کی سالانہ فروخت 2,000 ٹن سے زیادہ ہے اور جو پاکستان میں چاول کی پیداوار میں سالانہ 500 ملین کلوگرام سے زیادہ اضافہ کر رہے ہیں جس کے نتیجے میں پاکستان کو 100 ملین ڈالر سے زیادہ کی آمدن حاصل ہو رہی ہے۔