وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ اسلام کی سربلندی کے لئے عمران خان کے کردار اور خدمات کا عالم اسلام معترف ہے۔ اقوام متحدہ اور اسلامی کانفرنس جیسے بین الاقوامی فورمز پر تحفظ ناموس رسالت کے لیے اور اسلاموفوبیا کے خلاف عمران خان نے ایک مجاہد کا کردار ادا کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ قومی اداروں کو عمران خان کی کردار کشی کیلئے استعمال کرنا امپورٹڈ حکومت کا شرمناک عمل ہے۔ عمران خان ملکی تاریخ کے واحد لیڈر ہیں جنہوں نے غیر متزلزل اور واضح الفاظ میں ناموس رسالت کا دفاع کیا اور اسلاموفوبیا کے خلاف ڈٹ کر کھڑے ہو گئے اور اس سلسلے میں پوری مسلم امہ کے دلوں کی آواز بنے۔ عمران خان نے پوری دنیا پر واضح کیا کہ مسلم امہ اس قسم کے تعصب کو مزید برداشت کرنے کی متحمل نہیں ہو سکتی۔
وزیر اعلیٰ سیکریٹریٹ سے جاری کردہ بیان میں محمود خان نے کہا کہ ن لیگ والے بوکھلاہٹ کا شکار ہیں، یہ ایک غلام جماعت ہے جو کہ آزاد قوم پر حکمرانی نہیں کر سکتی۔ نوے کی دہائی میں مسلم لیگ ن کے سپریم کورٹ پر مسلح حملے کو قوم بھولی نہیں ہے۔ مریم نواز کا جھوٹ پوری قوم دیکھ چکی ہے، انہوں نے اب تک اس بات کا تعین نہیں کیا ہے کہ ان کا دادا غریب گھرانے سے تھا یا ارب پتی سرمایہ کارتھے۔