امارات کا5 سالہ ملٹی پل سیاحتی ویزے کے اجرا کو مزید آسان بنانے کا اعلان

 ابوظہبی:متحدہ عرب امارات نے تمام ممالک کے شہریوں کے لیے 5 سالہ ملٹی پل سیاحتی ویزے کا اجرا مزید آسان بنانے کا اعلان کیا ہے۔

اماراتی خبررساں ادارے (وام)کے مطابق سیاحتی ویزے کے اجرا کی تاریخ سے 5سال کی مدت شمار ہو گی اور یہ ویزا کسی سپانسر یا اندرون ملک میزبان کی شرط کے بغیر جاری کیا جا ئے گا۔

غیرملکیوں کے قیام اور آمد کے نئے لائحہ عمل میں نئے سیاحتی ویزے کے لیے چار شرائط مقرر کی گئی ہیں جس پرعمل درآمد 3 اکتوبر سے شروع ہو گا ان شرائط میں کہا گیا ہے کہ5 سالہ سیاحتی ویزے کے لیے امیدوار کو درخواست دیتے وقت 4 ہزار ڈالر بیلنس کا بینک سٹیٹمنٹ پیش کرنا ہوگا۔

 بینک سٹیٹمنٹ درخواست دینے کی تاریخ سے 6 ماہ پہلے تک کا ہونا چاہیے۔ویزا فیس اور مالیاتی گارنٹی بھی دینا ہو گی جبکہ ہیلتھ انشورنس سکیم بھی ضروری ہے۔

ویزا ہولڈر 90 دن تک مسلسل امارات میں قیام کر سکے گا اور اس میں مزید 90 دن کی توسیع ہوسکتی ہے تاہم پہلے امارات میں قیام کی کل مدت ایک سال میں 180 دن سے زیادہ نہ رہی ہو۔

ویزا ہولڈرکو امارات آمد کا مقصد بتانا ہوگا،کسی بھی صورت میں ایک سال سے زیادہ قیام کی اجازت نہیں ہوگی۔

اماراتی حکام نے کہا ہے کہ سیاحتی ویزے کی درخواست سے قبل امیدوار اس بات کا اطمینان حاصل کرلے کہ آیا اس کا تعلق ایسے ممالک سے تو نہیں جس کے شہریوں کو امارات آنے کے لیے ویزا نہیں لینا پڑتا۔