شکیک:جنگ بندی کے باوجود کرغیزستان اور تاجکستان کی فوجوں میں جاری سرحدی جھڑپ میں مجموعی طور پر 24 افراد مارے گئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق کرغیزستان اور تاجکستان کی سرحد پر جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔ سرحدی علاقوں سے شہریوں کو اپنے گھر بار اور مال مویشی چھوڑ کر محفوظ مقام پر منتقل ہونا پڑا ہے۔
دونوں ممالک کے درمیان سیز فائر کے باوجود سرحدوں پر جھڑپ میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 24 ہوگئی جب کہ 80 سے زیادہ زخمی ہیں۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں شہری بھی شامل ہیں۔
کرغیزستان نے الزام عائد کیا ہے تاجکستان کی فوج نے صوبے بادکند میں راکٹ برسائے جس کی وجہ سے ایک لاکھ سے زائد رہائشیوں کو محفوظ مقام پر منتقل ہونا پڑا۔
دوسری جانب تاجکستان کا دعوی ہے کہ کرغیزستان کی فوجوں نے سرحد پر اپنی پوزیشن تبدیل کی اور ہماری سرزمین پر دیہاتیوں پر گولیاں برسائی تھیں۔
خیال رہے کہ دونوں ممالک میں روسی فوج کے اڈے بھی ہیں جس کے باعث روس نے دونوں ممالک میں جنگ بندی کرائی تھی۔