نیویارک:اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یونیسیف نے پاکستان میں ہنگامی امداد کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیلاب میں گھرے لاکھوں بچوں کی زندگیاں خطرے میں ہیں۔
میڈیارپورٹس کے مطابق بچوں کی بہبود کے عالمی ادارے یونیسیف نے کہا کہ تقریبا 34لاکھ سیلاب زدہ بچے فوری امداد کے منتظر ہیں۔
ادارے کا کہنا ہے کہ سیلاب میں پھنسے بچوں کو بھوک کے ساتھ بیماریوں نے گھیر لیا ہے، ملیریا اور ڈینگی کے ساتھ پیٹ کے امراض ان پر حملہ آور ہیں۔
یونیسیف نے کہا کہ یہ بچے اور بچیاں اس موسمیاتی تباہی کی قیمت چکا رہے ہیں، جس میں وہ حصے دار ہی نہیں، سیلاب سے متاثرہ بچوں کی مائیں غذائی قلت کا شکار ہوکر دودھ پلانے سے بھی قاصر ہیں۔