ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں 2ماہ کے اندر سٹیزن فسیلیٹیشن سنٹرز قائم کرنیکی ہدایت 

پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے ڈویژنل ہیڈ کوارٹر ز کی سطح پر سٹیزن فسیلیٹیشن سنٹرز کے قیام کے عمل کو دو ماہ کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ عوام کو تمام شہری سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔ 

انہوں نے کہاکہ سٹیزن فسیلیٹیشن سنٹرز کی تکمیل سے عوام کی خدمات تک رسائی آسان ہوگی اور ساتھ ساتھ وقت اور وسائل کی بھی بچت ہوگی۔ 

 منصوبے کے تحت ابتدائی طور پر 19 مختلف خدمات آن لائن فراہم کی جائیں گی جن میں برتھ سرٹیفکیٹ، ڈیتھ سرٹیفکیٹ، میرج سرٹیفکیٹ، ڈومیسائل سرٹیفکیٹ، اسلحہ لائسنس،ای پراپرٹی ٹرانسفر، کاروباری لائسنس کے لئے درخواست، جمع بندی اور دیگر خدمات شامل ہیں۔ 

ای گورننس اور سٹیزن فسیلیٹیشن سنٹرز کے قیام پر پیشرفت کا جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ای گورننس متعارف کرانے سے خیبر پختونخوا ملک کا پہلا پیپر لیس صوبہ بن جائے گاجس کا کریڈٹ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو جاتا ہے۔ 

صوبائی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی عاطف خان، وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف، ایڈیشنل چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری امجد علی خان، ایم ڈی خیبرپختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ علی محموداور دیگر اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

 اجلاس کو بتایا گیا کہ سٹیزن فیسیلیٹشن سنٹر میں مزید دس خدمات کی آن لائن فراہمی کو بھی شامل کیا جائیگا۔اس مقصد کے لئے ویب اور موبائل ایپلیکیشن تیار کرلی گئی ہیں اور جلد ان کا اجراء کیا جائے گا۔

 ای گورننس منصوبے کے مختلف پہلوؤں پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیاکہ ابتدائی طور پر صوبائی کابینہ کی کاروائی کو پیپر لیس بنایا جارہا ہے جبکہ دوسرے مرحلے میں تمام صوبائی محکموں کے مختلف امور کو پیپرلیس بنایا جائے گا۔ 

وزیراعلیٰ نے ای گورننس کو وقت کی ایک اہم ترین ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ای گورننس سسٹم کے فروغ سے سرکاری امور میں تیزی آئے گی اور اس سے وقت اور وسائل کی بھی خاطر خواہ بچت ہوگی۔

 وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ای گورننس منصوبے کے تمام پہلوؤں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے اور کہا کہ صوبائی حکومت پہلے ہی ورکس ڈیپارٹمنٹس میں ای بڈنگ، ای ٹینڈرنگ اور ای بلنگ متعارف کراچکی ہے جس سے مختلف امور کی انجام دہی میں تیزی آئی ہے۔

 وزیراعلیٰ نے کہا کہ بدلتے ہوئے زمانے کے ساتھ چلنے اور جدید چیلنجز سے نبرد آزماہونے کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی کا مثبت فروغ ناگزیر ہوچکا ہے۔ صوبائی حکومت نے اسی مقصد کے تحت صوبائی محکموں کو جدید ضروریات سے ہم آہنگ کرنے کیلئے متعدد ٹھوس اقدامات کئے ہیں جن کے خاطر خواہ نتائج سامنے آرہے ہیں۔

 سٹیزن فسیلیٹیشن سنٹرز کا قیام بھی اسی سلسلے کا ایک کڑی ہے جو عوام کو تیز رفتار اور شفاف انداز میں خدمات کی فراہمی کیلئے سنگ میل ثابت ہوگا۔