اسلام آباد: الیکشن کمیشن کا کہنا ہےکہ خیبر پختونخوا (کے پی) حکومت الیکشن کی معاونت پر تیار نہ ہوئی تو صوبے میں ضمنی انتخابا ت ملتوی کرنے پر مجبور ہوں گے۔
چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت الیکشن کمیشن کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا، وزرا اور مشیروں کی جانب سے انتخابی ضابطہ اخلاق کی متواتر خلاف ورزی کا نوٹس لیا گیا۔
الیکشن کمیشن سے جاری بیان کے مطابق چیف الیکشن کمشنرنے سرکاری مشینری اور ہیلی کاپٹرکے استعمال کا بھی سخت نوٹس لیا، انہوں نے چیف سیکرٹری اور ایڈووکیٹ جنرل کو ہدایت کی کہ اپنی حکومت کوبتائیں الیکشن کمیشن ضابطہ اخلاق کی خلاف وزری برداشت نہیں کرےگا، اپنی گورنمنٹ کو قانو ن کی پاسداری یقینی بنانے کے لیے الیکشن کمیشن کا پیغا م پہنچائیں۔
چیف الیکشن کمشنرکا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن یقینی بنائےگا کہ الیکشن میں تمام سیاسی پارٹیوں اور امیدواروں کویکساں مواقع ملیں، الیکشن کمیشن آئین ،قانون اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر فوری قانونی کارروائی کرےگا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے چیف سیکرٹری کوکہا گیا کہ بطور چیف سیکرٹری آپ بھی صوبہ میں پر امن انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کے پابند ہیں، ضمنی انتخابات کے پرُ امن انعقاد کے لیے تمام اقدامات یقینی بنائیں،صوبائی حکومت الیکشن کی معاونت پر تیار نہ ہو ئی تو صوبے میں ضمنی انتخابا ت ملتوی کرنے پر مجبور ہوں گے۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہےکہ سرکاری وسائل، ہیلی کاپٹر کے استعمال اور ضابطہ اخلاق کیس کی سماعت الیکشن کمیشن میں ہوگی، اس سلسلے میں ضروری نوٹس جاری کیے جائیں۔