غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک کے بعد ایک چار مختلف زلزلے کے جھٹکوں نے ایران کے جنوبی حصے کو ہلا کر رکھ دیا، ایران کی جنوبی بندرگاہ بندر لینگے کے شہر میں شدید زلزلے ریکارڈ کیے گئے۔
امریکی زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ایران میں آنے والے زلزلے کی شدت 6.1 تھی جبکہ یورپ کے زلزلہ پیما ادارے کی جانب سے زلزلے کی شدت کو 6.2 میگنی ٹیوڈ قرار دیا گیا ہے۔
میڈیا کے مطابق زلزلے کی وجہ سے متاثرہ علاقے میں قائم 12 دیہاتوں کو بھی نقصان پہنچا ہے جبکہ پانچ دیہات بجلی سے بھی محروم ہوگئے ہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق متاثرہ علاقوں میں ریسکیو کا عمل جاری ہے تاہم مالی نقصان کے ساتھ جانی نقصانات بھی سامنے آرہے ہیں، زلزلے کی وجہ سے اب تک 5 افراد اپنی زندگی کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ 44 افراد زخمی ہیں۔