ماسکو: روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے مغربی ممالک کو دھمکی دی ہے کہ ہمارے پاس کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کے لیے بہت سے ہتھیار ہیں۔
سرکاری ٹیلی وژن پر قوم سے خطاب میں روسی صدر پوٹن نے روسی افواج کو متحرک رہنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ مغربی ممالک روس کے خلاف نیوکلیئر بلیک میلنگ میں اپنی حدوں سے آگے بڑھ گئے۔
صدر پوٹن نے مغربی ممالک کو مخاطب کرتے ہوئے خبردار کیا کہ روس اپنی سرزمین اور اپنے لوگوں کے دفاع کے لیے تمام وسائل استعمال کرے گا۔ ہمارے پاس مغربی جارحیت کا جواب دینے کے لیے بہت ہتھیار ہیں۔
روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے الزام عائد کیا کہ مغربی ممالک نے یوکرین کو جنگ میں دھکیلا جب کہ روس کا مقصد ڈونباس کو آزاد کرانا ہے۔
مغرب یوکرین اور روس کے درمیان امن نہیں چاہتا اور روس یوکرین کے علیحدگی پسند علاقوں کے لوگوں کو اکیلا نہیں چھوڑ سکتا۔
خیال رہے کہ صدر پوٹن کی جانب سے روسی افواج کو متحرک کرنے کے اعلان پر روسی وزیر دفاع نے بتایا کہ 3 لاکھ روسی ریزرو فورسز کو متحرک کریں گے۔