پیشہ وارانہ بھکاریوں کے سرغنہ عناصر اور گروپس کو لگام ڈالنے کی ضرورت ہے، وزیراعلیٰ

پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے پشاور اپ لفٹ پروگرام کے دوسرے مرحلے کے تحت مجوزہ نئی سکیموں پر عمل درآمد کی باضابطہ منظوری دی ہے جبکہ حیات آباد ٹریل سمیت پہلے سے جاری سکیموں کی بروقت اور معیار ی تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ 

انہوں نے پشاور کی خوبصورتی کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کو دیر پا اور موثر بنانے کیلئے باضابطہ مینٹنس اینڈ مینجمنٹ پلان کی ضرورت پر بھی زور دیا اور کہاکہ صوبائی دارلحکومت پشاور کی اپ لفٹنگ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ 

وزیراعلیٰ نے پشاور میں پیشہ وارانہ بھکاریوں کے خلاف بھی کاروائی کرنے کی ہدایت کی اور واضح کیاکہ اس مسئلے کو مستقل طور پر حل کرنے کیلئے پیشہ وارانہ بھکاریوں کے سرغنہ عناصر اور گروپس کو لگام ڈالنے کی ضرورت ہے۔

گزشتہ روز پشاور اپ لفٹ پروگرام کے حوالے سے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلی نے کہاکہ پیشہ وارانہ بھکاریوں کی صرف پکڑ دھکڑکافی نہیں بلکہ اس مسئلے کے کلی طور پر تدارک کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔ 

وزیراعلیٰ نے کہاکہ پشاور میں کاروائی کی وجہ سے پیشہ ور بھکاری دیگر اضلاع کی طرف رخ کریں گے جن پر وہاں بھی کڑی نظر رکھنے اور ان کے خلاف کاروائی کرنے کی ضرورت ہے۔

 قبل ازیں اجلاس کو پشاور اپ لفٹ پروگرام کے تحت مختلف منصوبوں پر پیشرفت کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ پروگرام کے تحت 20 کے قریب مختلف اسکیموں پر پیشرفت جاری ہے جن کا تفصیلی ڈیزائن متعلقہ فورم سے منظور کیا جا چکا ہے اور اگلے ایک ہفتہ کے اندر ان اسکیموں کا ٹینڈر بھی جاری کردیا جائے گا۔

 اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ چھ کلومیٹر طویل حیات آباد ٹریل کے قیام کا منصوبہ بڑی اہمیت کا حامل ہے جو 80 کروڑ روپے کے تخمینہ لاگت سے مکمل کیا جائے گا۔ حیات آباد ٹریل میں جاگنگ اینڈ سائیکل ٹریکس کے علاوہ پبلک ٹائلٹ، ٹک شاپ، کڈ زون، اوپن جیم، بیڈمنٹن اینڈ باسکٹ بال کورٹس، لائبریری، لیڈیز جیم اور سکیٹنگ ایریا سمیت دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

 یہ اپنی نوعیت کا ایک منفرد اور اسٹیٹ آف دی آرٹ منصوبہ ہو گاجو 18 فٹ چوڑے ٹریکس، دونوں اطراف میں گرین بیلٹس پر مشتمل ہو گا۔ پروگرام کے تحت دیگر منصوبوں میں اقراچوک (یونیورسٹی روڈ) کی خوبصورتی، ٹاؤن مارکیٹ پارک ایونیو، یونیورسٹی ٹاون سے تیگا چوک پارک ایونیوکا قیام، پلوسئی روڈ انٹر سیکشن اورپلوسئی یونیورسٹی روڈ سے چڑیا گھر تک کی بیوٹیفکیشن، خیبر ٹیچنگ ہسپتال سے یونیورسٹی ماڈل کالج تک روڈ کی خوبصورتی جیسے اہم منصوبے شامل ہیں۔

 علاوہ ازیں آرکیالوجی ڈیپارٹمنٹ کے ذریعے ایگریکلچر ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ، محافظ خانہ اور گورنمنٹ حسنین شریف شہید سکول نمبر1 کی بحالی و تزئین و آرائش کے منصوبے بھی پروگرام کا حصہ ہیں۔

 اسی طرح پروگرام کے فیزٹو کیلئے تجویز کی گئی نئی اسکیموں میں کابلی گیٹ سے قصہ خوانی بازار، قصہ خوانی بازار سے چوک یادگار، چوک یادگار سے گھنٹہ گھر، اندر شہر بازار،یونیورسٹی ماڈل کالج سے کارخانو مارکیٹ تک سڑک کی بحالی، خوبصورتی اور تزئین و آرائش کے منصوبے شامل ہیں۔

 علاوہ ازیں خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں پارکنگ پلازہ کا قیام بھی پروگرام کا حصہ ہے جس میں 300 گاڑیوں کی پارکنگ کیلئے سہولت موجود ہو گی۔ وزیراعلی نے سکیم چوک، باچا خان چوک، چارسدہ روڈ اور شاہی باغ کے انٹری پوائنٹ کو بھی پروگرام میں شامل کرنے کی ہدایت کی۔

 انہوں نے ہدایت کی کہ منصوبے کے تحت پشاور کے انٹری پوائنٹس، جی ٹی روڈ اور صوبائی دارالخلافہ میں موجود تمام انڈر پاسسز کی خوبصورتی کیلئے بھی اقدامات کئے جائیں۔