شہباز شریف کی امریکی صدر سے ملاقات: جوبائیڈن کا سیلاب زدگان کی امداد کے لیے بھرپور تعاون کا عزم

نیویارک: وزیراعظم شہباز شریف کی امریکی صدر جوبائیڈن کے ساتھ نیویارک میں ملاقات ہوئی جس میں امریکی صدر نے پاکستان میں تباہ کن سیلاب میں سیکڑوں اموات پرافسوس اور ہمدردی کا اظہار کیا،اور اس مشکل صورتحال سے نمٹنے کیلئے پاکستان کی بھرپورمدد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

شہباز شریف اور جو بائیڈن کی ملاقات اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77ویں اجلاس کے موقع پر امریکی صدر جو بائیڈن کی جانب سے دیے گئے استقبالیہ کے موقع پر ہوئی۔

امریکی صدر جوبائیڈن نے پاکستان میں تباہ کن سیلاب میں سیکڑوں اموات پر افسوس اور متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی ظاہر کی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی صدر کے افسوس اور ہمدردی کے اظہار پر شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم نے سیلاب متاثرین کی مدد کے عالمی برادری کے نام پیغام اور پاکستان کی حمایت پر امریکی صدر کا خاص طور پر شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یوایس ایڈ) کی سربراہ کے دورہ پاکستان اور امداد بھجوانے پر امریکی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔

امریکی صدر جو بائیڈن نے مشکل انسانی صورتحال میں پاکستان کی مدد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

دریں اثنا وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف آج رات اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔