پشاور کے سرکاری سکول پرنسپل نے مثال قائم کردی

پشاور: پشاور میں سرکاری سکول کے پرنسپل نے طالب علموں کو اے سی لگے ٹھںڈے کلاس رومز، سولر سسٹم، لنچ رکھنے کے لیے فریج اور ایون جیسی سہولیات فراہم کرکے نجی سکولوں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔ 

تفصیلات کے مطابق گورنمنٹ ہائی سیکنڈری اسکول گلبہار میں پرنسپل پرویز مروت نے ماڈل اسکول بنانے کے لیے سرکاری فنڈز کا استعمال کیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے تمام سرکاری اسکولوں کو بنیادی سہولیات فراہم کی جاتی رہی ہیں مگر بیشتر اسکولوں کے سربراہان اور اساتذہ ان سہولیات پر فنڈز خرچ نہیں کرپاتے۔

پرویز مروت نے بتایا کہ گورنمنٹ ہائی سیکنڈری اسکول گلبہار کے طالب علموں کو پینٹ شرٹ اور ٹائی میں دیکھتے ہوئے کسی نجی تعلیمی ادارے کا گمان ہوتا ہے سرکاری فنڈز کا بروقت اور صحیح استعمال سے ایک سرکاری اسکول کو بہترین بنایا جا سکتا ہے۔