ابوجہ:نائیجیریا میں مسلح افراد کے جتھے نے ایک مسجد میں داخل ہوکر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 15 نمازی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق نائیجیریا کی شمال مغربی ریاست زمفرا کے علاقے رووان جیما ٹاؤن کی جامع مسجد پر موٹر سائیکل سوار مسلح ڈاکوؤں نے فائرنگ کردی۔
حملے سے افراتفری مچ گئی اور درجنوں افراد نے بھاگ کر اپنی جانیں بچائیں۔ فائرنگ کے واقعے میں 15 نمازی شہید اور درجن سے زائد زخمی ہوگئے۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ حملہ آور پیشہ ور ڈاکو تھے جنھیں اس شہر کے لوگوں کی جان بخشی کے لیے 21 ہزار بھتہ، پٹرول اور سگریٹ کے درجنوں پیکٹس بھی دیئے گئے تھے۔
عینی شاہدین نے الزام عائد کیا کہ ڈاکووں کو پولیس کی سرپرستی حاصل تھی وہ نصف گھنٹے تک خون کی ہولی کھیلتے رہے اور اطلاع دیئے جانے کے باوجود پولیس شہریوں کی مدد کو نہیں آئی۔
دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ ملکی فوج نے ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن اور بمباری کے پیش نظر زمفرا سمیت دیگر 2 ریاستوں میں عوام کو گھر بار چھوڑ کر محفوظ مقام پر منتقل ہونے کا حکم دیا تھا۔
خیال رہے کہ نائیجیریا میں مسجد پر حملے کا واقعہ گزشتہ روز پیش آیا تھا تاہم ڈاکووں کے زیر تسلط اس علاقے میں صحافی محفوظ نہیں اور خبریں تاخیر سے موصول ہوتی ہیں۔